مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی

October 15, 2020

اسلام آباد (اے پی پی)ملک میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے دومہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک اورسرمایہ کاری بورڈکے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اوراگست2020 میں ملک میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 37.1 ملین ڈالرریکارڈکیا گیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 44.9 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں جاری مالی سال کے پہلے دومہینوں میں 29 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 38.3ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جاری مالی سال کے پہلے دومہینوں میں 8.1 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی، گزشتہ سال کی اسی مدت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 6.6 ملین ڈالرریکارڈکیا گیاتھا۔ اعداد و شمارکے مطابق جاری مالی سال میں آئی ٹی خدمات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کارحجان رہاہے، مالی سال کے پہلے دومہینوں میں آئی ٹی خدمات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 7.5 ملین ڈالرریکارڈکیا گیا۔