ناکامی کے بعد جیت

October 23, 2020

زندگی کے کئی میدان ایسے ہوتے ہیں جہاں پر ہارنا کامیابی بن جاتا ہے ۔تاریخ کو اگر دیکھا جائے تو سقراط کی موت اس کی جیت بن گئی۔جونوجوان اپنے کام کے انجام کومدِنظر رکھ کر چلتےہیں وہ کامیاب ہوتےہیں۔ہارنے والے اپنے راستے کی رکاوٹ خود ہوتےہیں ان کا رویہ ، ان کا انداز ان کے راستے کی رکاوٹ ہوتا ہے۔ کامیا ب وہ ہوتا ہے جو اپنے اندر تبدیلی لے کر آتا ہے۔

امریکہ کے سابق صدر ابراہم لنکن زندگی میں ناکامیاں ہی ناکامیاں تھیں، اس کے باوجووہ کامیاب ہوئے۔ ہار انسان کو بہت کچھ سکھاتی ہے ۔ ایک مقابلے میں باکسر محمد علی نے اپنے مخالف کو ایک مکے میں ہی چت کر دیاتھا ،صحافی اس کے پاس آئے اور کہا "آپ ایک مکے سے کیسے جیت گئے" اس نے جواب دیا " مجھےاس ایک مکے کو بنانے میں اکیس سال لگے"۔

کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔ انسان ناکامی سے ہی سیکھتا ہے۔ دنیا ایسے لوگوں سے بھری پڑی ہے جواپنی زندگیوں کا ایک بڑا حصہ دے کر جیت کی خوشی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ناکامی خود بہت بڑی استاد ہے۔ جیمز جے والٹن جو کہ آئی بی ایم کا بانی ہے کا کہنا ہے کہ،’’ اگر آپ کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پھر ناکامیوں کو دوگنا کریں، کیونکہ کامیابی ناکامی کے دوسرے سرے پر موجود ہوتی ہے۔ اپنی ناکامیوں سے سیکھنے والے کامیابیوں کی راہگزر پر گامزن ہوتے ہیں‘‘۔ بالکل اسی طرح جس طرح ارنسٹ ہیمنگوے نے کہا تھا ،کہ’’ انسان تباہ تو ہو سکتا ہے لیکن ہار نہیں سکتا۔‘‘

تعلیم یافتہ نوجوان، قلم اُٹھائیں اور لکھیں درج ذیل عنوان پر:

زندگی، تجربات کا دوسرا نام ہے۔ ہر انسان کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، جن سے کچھ سیکھ لیتے ہیں، کچھ ٹھوکر کھا کر آگے چل پڑتے ہیں، پچھتاتے اُس وقت ہیں، جب کسی مسئلے سے دوچار ہوجاتے ہیں، مگر حل سمجھ نہیں آتا۔ دکھ سکھ، ہنسی خوشی، یہ سب زندگی کے رنگ ہیں، جن سے کھیلا جائے تو بہت کچھ حاصل ہوتا ہے۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ، آج کا نوجوان زندگی سے مایوس ہوتا جا رہا ہے۔ ایک تجربے کے بعد دوسرا تجربہ کرتا ہے، جب پے در پے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ مایوسی کا شکار ہو جاتا ہے۔ لیکن زندگی کے تجربات بہت کچھ سکھاتے ہیں۔

ہم نے آپ کے لیے ایک سلسلہ بعنوان،’’ہنر مند نوجوان‘‘ شروع کیا ہے، اگر آپ تعلیم یافتہ ہنر مند نوجوان ہیں تو اپنے بارے میں لکھ کر ہمیں ارسال کریں، ساتھ ایک عدد پاسپورٹ سائز تصویر اور کام کے حوالے سے تصویر بھیجنا نہ بھولیں۔اس کے علاوہ ایک اور سلسلہ ’’میری زندگی کا تجربہ‘‘کے نام سے بھی شروع کیا ہے، جس میں آپ اپنے تلخ وشیریں تجربات ہمیں بتا سکتے ہیں۔ بہت ممکن ہے کہ آپ کے تجربات یا تجربے سے دیگر نوجوان کچھ سیکھ لیں۔

ہمارا پتا ہے:

’’صفحہ نوجوان‘‘ روزنامہ جنگ، میگزین سیکشن، اخبار منزل،آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔