3 ماہ میں اسلام آباد کی شکل تبدیل ہوجائے گی، چیئرمین سی ڈی اے

October 29, 2020

چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کا کہنا ہے کہ 3 ماہ میں اسلام آباد کی شکل تبدیل ہوجائے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے چیمبر آف کامرس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی گلیاں سڑکیں ختم ہوچکی ہیں، ہم پورے پیکج کے طور پر تمام گلیاں دوبارہ بنا رہے ہیں۔

عامر علی احمد نے کہا کہ مارگلہ روڈ، جی10 اور جی 11 میں سائیکلنگ ٹریک بھی بنا رہے ہیں، سی ڈی اے کا اب 60 فیصد بجٹ ڈیویلپمنٹ میں لگایا جائے گا، 3ماہ میں 4 سے 6 بلین گیلن پانی حاصل کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ ایک سسٹم بنا رہے ہیں کہ عوام کی شکایات کا ازالہ 72 گھنٹے میں کیا جائے، اس کے علاوہ آئی جے پی روڈ کی ریپئرنگ دسمبر میں شروع کردیں گے اور سیونتھ ایونیو پر بھی انٹر چینج بنائیں گے۔

چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کہا کہ سی ڈی اے میں پلاٹ ٹرانسفر کروانا کسی عذاب سے کم نہیں ہے، پراپرٹی ٹیکس جمع کرانے کے لیے بھی عوام کو شدید پریشانی ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بورڈ میٹنگ میں ان پٹ لینے کے لیے چیمبر آف کامرس کو بھی بلائیں گے۔