زرافہ پر GPS ٹیگ کیوں نصب کیا گیا؟

November 19, 2020


دنیا کے آخری سفید زرافہ کی حفاظت کی غرض سے اس پر جی پی ایس ٹیگ لگا دیا گیا ہے۔

تفیصلات کے مطابق کینیا میں موجود دنیا کے آخری سفید زرافہ کی حفاظت کی غرض سے اس پر جی پی ایس ٹیگ لگا دیا گیا ہے کیونکہ رواں سال مارچ میں اس سفید زرافہ کی کی مادہ اور بچے کو مار دیا گیا تھا اور اُن کے بعد اب یہ زرافہ دُنیا کا واحد سفید زرافہ بچا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کا یہ آخری سفید زرافہ اس وقت مشرقی کینیا میں گریسا میں موجود ہے جس کی حرکات وسکنات پر نظر رکھی جاری ہے اور سفید زرافہ کے سینگ نما ابھار پر لگا جی پی ایس ٹیگ ہر گھنٹے بعد اس کی پوزیشن واضح کرتا ہے جس سے افسران کو سفید زرافہ کی موجودگی کے مقام کا اندازہ ہوجاتا ہے۔

کینیا میں رہنے والی برادری کا نام اسحاق بنی ہے جو اس سفید زرافہ کی دیکھ بھال کر رہی ہے، اس برادری کے رکن احمد نور کا کہنا ہے کہ اس بار بارشوں سے سبزہ بڑھا ہے جو سفید اور نرزرافے کے لیے بہت کافی ہوگا۔

دوسری جانب ناردرن رینج لینڈ ٹرسٹ کے افسر اینٹونی ونڈیرہ نےسفید زرافہ کا خیال رکھنے کے لیے اس برادری کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ کینیا میں زرافہ دشمن افراد انہیں گوشت اور جلد کے لیے ہلاک کرتے ہیں۔ سفید زرافہ میں لیوسائزم نامی کیفیت پیدا ہوجائے تو وہ سفید ہوجاتے ہیں اور ان کی آنکھیں گہری ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے وہ دور سےہی محسوس کئے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب صرف گزشتہ کچھ برسوں میں ہی دُنیا بھر میں زرافوں کی آبادی 40 فیصد تک کم ہوچکی ہے۔