فرسٹ ایتھلیٹ فورف ۔ پاکستان اولمپک کا تاریخی اقدام

November 24, 2020

پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے دنیا بھر میں ڈوپنگ اسکینڈل میں بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد اپنے کھلاڑیوں کواس سے دور رکھنے کے لئے پچھلے دنوں پہلےایتھلیٹس فورم کا انعقاد کیا جس میں ڈوپنگ کی روک تھام کے لئے اہم فیصلے بھی کئے گئے، دنیا بھر میں کئی کھلاڑی قوقت بخش ادویات کے استعمال کی وجہ نہ صرف اپنے میڈل سے محروم ہوئے بلکہ اپنے ملک کی بدنامی کا باعث بھی ثابت ہوئے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایتھلیٹ کمیشن کے زیر اہتمام فرسٹ ایتھلیٹس فورم کاانعقاد واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں کیا گیا جس میں تمام کھیلوں سے وابستہ 70 سے زائد کھلاڑیوں اور پی او اے سے وابستہ فیڈریشنز کے سیکریٹری جنرلز نے شرکت کی ایتھلیٹ فورم میں ڈوپنگ، انجریز، ڈائیٹ پلان،جنسی ہراسمنٹ اور انٹرنیشنل ٹریولنگ سمیت کھلاڑیوں کے حقوق اور فرائض جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فورم کی اہم بات انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ کا فورم کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب تھا ،جس میں انہوں نے اتھلیٹس فورم کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ہماری اولمپک فیملی کا دل ہیں جو معاشرے میں اعلی اقدارکوپروان چڑھاسکتے ہیں یہ فورم تمام اتھلیٹس کی آواز ہے پاکستانی اتھلیٹس نے کوویڈ 19- کے اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کا احترام،دوستی اور یکجہتی کے پیغام پر عمل کرکے دنیا کو امید اور اعتماد کا پیغام دیا ہے صدر آئی او سی تھامس باخ نے مزید کہاکہ گزشتہ برس بین الاقوامی اتھلیٹس فورم کے دوران اتھلیٹس کے حقوق اور ذمہ داریوں کے لیے اولمپک تحریک میں اتھلیٹس کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کے لیے یہ ایک تاریخی قدم اٹھایا گیا ایتھلیٹس کے حقوق کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

ایتھلیٹ فورم میں راقم الحروف پی اوے کے صدرلیفٹنٹ جنرل (ر) عارف حسن اور لیفٹنٹ جنرل (ر) مزمل حسین کے ساتھ

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اس فورم کے انعقادکو یقینی بنانے کے لیے بہت تعاون اورکام کیا جس پر پی او اے کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) عارف حسن اور ان کی پوری ٹیم کومبارکبادپیش کرتاہوں تقریب کے پہلے دن کے مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان واپڈا لیفٹنٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھلاڑی ہمارے اصل سفیر ہیں اور پاکستان کے ایتھلیٹس نے کھیل اور زندگی میں درپیش چیلینجز کا سامنا کرنے کے لئے جس ہمت کامظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ایتھلیٹس واحد کمیونٹی ہیں جو انفرادی اور اجتماعی طور پر دنیا میں یکجہتی قائم کرسکتے ہیں ہر ایتھلیٹ کو اپنے حقوق اور ہراسمنٹ، ڈوپنگ اور انٹرنیشنل ٹریولنگ سمیت دیگر فرائض کا مکمل علم ہونا چاہیے اس لحاظ سے یہ فورم بہت اہمیت کا حامل ہے۔

تقریب میں پی او اے ایتھلیٹ کمیشن کے چیئرمین محمد انعام بٹ نے فورم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ڈاکٹر اسد عباس شاہ نے کوویڈ۔19 کے خلاف لڑنے کیلئے مدافعتی نظام میں اضافہ کے دوران پروٹوکول آف اسپورٹس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو غذائی ترجیحات، خود کو صحت مند اور تندرست رکھنے کے حوالے آگاہی اور ایتھلیٹس کو کھیلوں کی چوٹوں اور کھلاڑیوں کو طبی عملے کے ذریعہ اٹھانے کی تکنیک اور علاج معالجے کے بارے میں بریفننگ دی۔

ڈاکٹر وقار احمد نے اینٹی ڈوپنگ کیسوں کے رزلٹ مینجمنٹ کے عمل اور اورخاص طور پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کے نقصانات کو کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کیا ڈاکٹر لبنی سبطین نے قومی کھیلوں سے ڈوپنگ کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ،سمیرا ستار، محمد انعام بٹ اور عاصمہ اکرم پر مشتمل پینل نے سابق اور موجودہ ایتھلیٹس کو ان کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر کھلاڑیوں کے درمیان کوئز مقابلے بھی ہوئے جسمیں سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کی کھلاڑی عائشہ اعجاز نے دونوں دن پہلی پوزیشن حاصل کر کے ٹاپ کیافورم کے آخری سیشن کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدرلیفٹنٹ جنرل (ر) سیدعارف حسن تھے۔

اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ فرسٹ ایتھلیٹ فورم کے انعقاد کامقصد کھلاڑیوں کو بااختیار بنانا اور انہیں انکے حقوق سے آگاہی فراہم کرنا ہے یہ فورم کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعلقات میں بہتری کیلئے ایک پل کاکردار ادا کرے گا،سیدعارف حسن کا مزیدکہنا تھا کہ اتھلیٹس کو بہتر ماحول دینے سے کارکردگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے اور ہم اتھلیٹس کو درپیش مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں ایتھلیٹ ہمارے رول ماڈل ہیں انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے مجھے امید ہے کہ فورم میں شریک کھلاڑیوں نے ماہرین سے جو دودنوں میں سیکھا ہے اس تجربے کو اپنے اسپورٹس کے حلقوں میں پہنچائیں گے میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کے یوتھ ڈیویلپمنٹ کیلئے اسپورٹس کے شعبے کو استعمال کریں۔

فورم میں ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر طیب اکرام نے خصوصی طور پر شرکت کی اس موقع پر انہوں نے اولمپک موومنٹ کی قیادت کے دائرے میں ایتھلیٹس کے حقوق کے تحفظ اور استحکام کے لئے کئے گئے اقدامات اور اپنے تجربات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔

پی او اے کے نائب صدر شوکت جاوید کاکہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں پر پوری قوم اعتماد کرتی ہے کھلاڑیوں کو اپنے فرائض کابھی مکمل احاطہ کرنا چاہیے پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چودھری محمد یعقوب کاکہنا تھا کہ ایتھلیٹ کو ان پاور اور ایجوکیٹ کرنے لئے پی او اے نے نہایت اہم قدم اٹھایا ہے اس سے یقینی طور پر ہمارے ایتھلیٹس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی پی او اے کے سیکریٹری محمد خالد محمود نے سوشل میڈیا پر دستیاب مواقع اور پلیٹ فارم پر روشنی ڈالتے ہوئے فورم کے تمام شرکاء سے اظہار تشکر کیا ۔