گزشتہ دو سال سے مہنگائی اور کرپشن عروج پر ہے، حافظ ادریس

November 26, 2020

برمنگھم(پ ر) پاکستان رابطہ کونسل برطانیہ کے جنرل سکریٹری حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ عمران حکومت کی گذشتہ دوسال سے کوئی کارکردگی نہیں، مہنگائی،کرپشن اور رشوت اپنے عروج پر ہے اس کے باوجود گلگت بلتستان کے الیکشن میں جیت سے عوام کے دل میں شکوک و شبہات کا پیدا ہونا یقینی ہے ۔جلسے تو اپوزیشن کے بھی بڑے بڑے نظر آتے تھے اپوزیشن اگر مشترکہ امیدار وار کھڑے کرتی تو شائد نتائج اس سے مختلف ہوتے، مگر بلاول زرداری کو جو امیدیں دلائی گئی تھیں کہ اپنے اپنے امیدوار کھڑے کرنے ہیں لگتا ہے آخر ان کے ساتھ بھی ہاتھ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے الیکشن کی شفافیت کے لیے ضروری ہے پیسے کا بے تحاشہ استعمال نہ ہو، جھوٹے وعدے کر کے پھر یوٹرن نہ لیا جائے اس دھوکہ اور فریب نے عوام کا اعتماد ختم کر دیا ہے اور لوگ فوج کی طرف دیکھتے ہیں، اس وقت اپوزیشن اتحاد بھی عمران کی حکومت کو ختم کرنے کے لیے فوج کو مداخلت کی دعوت دے رہا ہے اور پھر فوج پر نکتہ چینی بھی کی جاتی ہے کہ وہ سیاست میں مداخلت نہ کریں ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے جاتے ہیں۔حافظ ادریس نے کہا کہ جمہوری عمل کے راستے میں بڑی مشکلات ضرور ہیں البتہ یہ تسلسل جارہی رہے تو اس میں بہتری آسکتی ہے ملک کی ستر فیصد آبادی جاگیرداروں، وڈیروں اور سرداروں کے علاقوں میں لوگ اپنی مرضی سے ووٹ نہیں ڈال سکتے، وہاں کوئی قانون نہیں ووٹر کو قانونی تحفظ دینے کی ضرورت ہے عمران خان نے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ انتخابی اصلاحات لائی جائیں گی۔