عمران خان اسکردو کے حسین مناظر کے گرویدہ

December 09, 2020

وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے بعد اسکردو کے خوبصورت اور دلفریب مناظر کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’گلگلت کی تصاویر شیئر کرنے کے بعد مجھے بہت سی تصاویر بھیجی گئیں ہیں جن میں سے اسکردو کے مقام کی تصاویر شیئر کررہا ہوں۔‘

خیال رہے کہ عمران خان نے گلگت بلتستان کے خوبصورت مناظر کی تصاویر شیئر تو کی تھیں لیکن فوٹوگرافرز کو کریڈٹ نہیں دیا تھا تاہم اب اسکردو کی تصاویر میں وہ تصویریں کھینچنے والے ’ابرار خواجہ‘ کو کریڈٹ دینا نہ بھولے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلگت بلتستان کی تصاویر کے بارے میں کہا کہ یہ موسم سرما کے آغاز سے پہلے کے رنگ ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ’موسم سرما کے آغاز سے قبل گلگت بلتستان کے رنگ، جو کرہ ارض پر میری پسندیدہ جگہوں میں سے ایک ہے۔‘

عمران خان کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فوٹوگرافر کو کریڈٹ دیے گئے بغیر گلگت بلتستان کی تصاویر شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا تھا۔