• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے استاد جیفری لینگ لینڈز کون تھے؟

گزشتہ برس لاہور میں دارِ فانی سے کوچ کر جانے والے پاکستان کے مایہ ناز معلم جیفری لینگ لینڈز نے پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر مشہور و معروف شخصیات کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا۔

جیفری لینگ لینڈز کون تھے؟

جیفری لینگ لینڈز نے  1917 میں‌ انگلینڈ کے ایک قصبے میں‌ آنکھ کھولی جبکہ ان کی زندگی کا اختتام زندہ دلانِ لاہور میں ہوا۔

جیفری کے والد اینگلو امریکن کمپنی کے ملازم تھے اور والدہ کلاسیکی رقص کی ماہر تھیں۔ وہ ایک سال کے تھے تو ان کے والد ہسپانوی فلو نامی وبائی مرض میں مبتلا ہو کر دنیا چھوڑ گئے۔

1927 میں والدہ نے سرطان کے ہاتھوں شکست کھائی اور جیفری ماں جیسی ہستی سے بھی محروم ہوگئے۔

کم عمری میں ہی والدین کا سایہ سر سے اُٹھ گیا تو قریبی رشتہ داروں نے جیفری کی تعلیم کا خرچہ اٹھایا، نانا کے انتقال کے بعد وہ اپنے قریبی عزیز کے ہاں پلے بڑھے اور ان کی مدد سے تعلیم حاصل کی۔

اے لیول کے بعد دوسری جنگِ عظیم میں جیفری فوج میں بھرتی ہوگئے، 1944 میں جیفری کو ہندوستان بھیجا گیا جہاں انہوں نے بنگلور میں قیام کیا

تقسیم ہند 1947 کے بعد جیفری نے پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا اور وہ پاکستان چلے آئے اور راولپنڈی میں پاک فوج سے منسلک ہوگئے۔

جیفری لینگ لینڈز نے تقریباً 60 سال پاکستان میں بطور معلم کے خدمات سر انجام دیں، وہ پاک فوج سے بھی منسلک رہے۔

جیفری پاک فوج میں میجرکے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اس وقت کے وزیراعظم ایوب خان نے انہیں پاکستان میں رہنے کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

لاہور میں وہ ایچیسن کالج میں بطور معلم ریاضی اور سائنس کے مضامین پڑھاتے رہے، اس شعبے سے وہ 25 سال منسلک رہے۔

اپریل 1979ء میں صوبہ سرحد کے وزیراعلیٰ کی فرمائش پر شمالی وزیرستان میں کیڈٹ کالج رزمک میں بطور معلم پڑھاتے رہے۔ یہ عرصہ معلمی اپریل 1979 سے ستمبر 1989 پر محیط رہا۔

اس برطانوی فوجی افسر کا پاکستان میں مستقل قیام اور تعلیم کے میدان میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں نشانِ امتیاز اور ہلالِ امتیاز سے نوازا تھا۔

میجر جیفری کی 101ویں سالگرہ پر پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے استاد کو مبارک دیتے ہوئے کہا تھا جو لگن اور کام کرنے کا جذبہ آپ نے ہمیں سکھایا اس کیلئے ہم آپ کے شکر گزار ہیں میری دعا ہے آپ لمبے عرصے کیلئے ہمارے ساتھ رہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے استاد کے انتقال پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا تھا۔

عمران خان نے دورِ طالبِ علمی میں جیفری کے ساتھ لی گئی یادگار تصویر بھی شیئر کی تھی جس میں وزیراعظم کی عمر 12 برس تھی۔

تازہ ترین