• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے جوانی میں کیا شوق تھے؟

پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم عمران خان دورِ جوانی سے ہی دنیا بھر میں مقبول ہیں، جس کی وجہ ان کا کرکٹ کا کامیاب کریئر ہے تو کچھ ان کی کرشماتی شخصیت کا نتیجہ۔

سوشل میڈیا پر فعال رہنے والے عمران خان نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دورِ جوانی پر مبنی ایک نایاب ویڈیو شیئر کی ہے۔


3 منٹ سے زائد کی اس ویڈیو میں عمران خان کو دیارِ غیر میں مداحوں کو آٹوگراف دیتے، حسین مناظر سے لطف اندوز ہوتے، سڑکوں پر چلتے پھرتے، مداحوں سے محو گفتگو، پاکستان میں شکار کرتے، عام لوگوں کی طرح ڈھابے پر بیٹھ کر کھاتے، جیپ میں دوستوں کے ہمراہ سیر و تفریح کرتےاور شکار کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔

عمران خان کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو کے پہلے حصے میں اُن کے دورِ جوانی میں بیرون ملک گزارے ایام کی تفصیل سے تصویری جھلکیاں شیئر کی گئیں۔


ویڈیو کے دوسرے حصے یعنی دو منٹ کے بعد انہیں پاکستان میں اپنے آبائی گاؤں کے پہاڑوں پر شکار کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

روایتی لباس اور سر پر ٹوپی پہنے عمران خان کو بکریاں چَراتے بھی دکھایا گیا۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عمران خان نے اپنی پوسٹ میں ’جب دنیا جوان تھی‘ تحریر کیا۔

خیال رہے کہ عمران خان اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں جہاں اپنے دورِ جوانی کو یاد کرتے دکھائی دیتے ہیں یا زندگی کے بیتے ایام کو اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں وہیں وطنِ عزیز کے نوجوانوں کو مشورے بھی دیتے دکھائی دیتے ہیں۔


سوشل میڈیا پر متحرک  عمران خان نے اس سے قبل نوجوانوں کو اکتوبر میں تُرک مصنفہ کی کتاب ’forty rules of love‘ پڑھنے کی تجویز دی تھی۔

عمران خان کا اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہنا تھا کہ ’اکتوبر میں ہمارے نوجوانوں کو میں ایلف شفق کی کتاب ’فورٹی رولز آف لو‘ پڑھنے کی تجویز دیتا ہوں۔ یہ خدا کی محبت، تصوف، رومی اور ان کے مرشد شمس تبریز کے بارے میں ایک متاثر کن کتاب ہے۔‘

تازہ ترین