عمران خان کا معین اختر کو یادگار انٹرویو

December 24, 2020

قہقہوں کے بادشاہ معروف اداکار، کامیڈین معین اختر کا آج 70واں یوم پیدائش ہے لیکن انہیں ہم سے بچھڑے 9 برس بیت گئے ہیں۔

انتقال کے 9 برس گزر جانے کے بعد بھی مشہور مزاحیہ اداکار معین اختر اپنے لاکھوں مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں جو ان کے بے ساختہ انداز اور لطیف احساس مزاح سے محروم ہوگئے ہیں۔

ویسے تو اس لیجنڈ فنکار نے لاکھوں شخصیات کا انٹرویو کیا لیکن وزیر اعظم عمران خان کا انٹرویو اپنی مثال آپ ہے۔

معین اختر نے عمران خان کا مذکورہ انٹرویو 1987 میں کیا، جسے آج بھی دیکھنے والوں اور پسند کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

آج معین اختر کے یوم پیدائش کے دن ہم اُن کے شو ’یس سر نو سر‘ کا ایک یادگار اور نایاب کِلپ شیئر کررہے ہیں جس میں انہوں نے پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم اور اُس وقت کے بہترین آل راؤنڈر عمران خان کا انٹرویو لیا تھا۔

فن کی دنیا میں مزاح سے لے کر پیروڈی تک اسٹیج سے ٹیلی ویژن تک معین اختر کو عمران خان سے سوال کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

انٹرویو میں معین اختر عمران خان سے سوال کرتے ہیں کہ ’دفتر میں عمران خان، ہوٹل میں عمران خان، سڑک میں عمران خان، باغوں میں عمران خان آپ تنگ نہیں آجاتے اس عمران خان سے۔‘

اس کے جواب میں عمران خان نہایت عاجزی اختیار کرتے ہوئے جواب دیتے ہیں کہ ’دیکھیں معین ایک اسپورٹس مین کیلئے اس سے بڑی خوشی کی بات کوئی نہیں ہوتی کہ لوگ اسے پسند کریں اور اس کی تعریف کریں۔‘

عمران خان اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عزت افزائی سے نوازا۔‘

اس انٹرویو میں عمران خان نے نجی زندگی اور شادی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔