ایوانکا، کشنر پر انوکھے انداز سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام

January 15, 2021


امریکی صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا اور داماد کشنر پر انوکھے انداز سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آئے ہیں، دونوں کی سیکیورٹی پر تعینات خفیہ ایجنٹس کے باتھ روم استعمال کیلئےکے لیے 1 لاکھ 44 ہزار ڈالر یعنی 23 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد رقم کرائے کے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی مد میں بہا دی گئی۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایوانکا اور کشنر نے خفیہ ایجنٹس پر اپنے پر تعیش گھر کے باتھ روم استعمال کرنے پر پابندی لگا رکھی تھی، خفیہ ایجنٹس سڑکیں ، فٹ پاتھ، پبلک ٹوائلٹس اور قریبی مقامات استعمال کرتے رہے ۔

ہمسایوں کی شکایت پر گھر کے قریب 3 ہزار ڈالر ماہانہ کرائے پراسٹوڈیو اپارٹمنٹ لیا گیا ، یوں اب تک 1 لاکھ 44 ہزار ڈالر یعنی 23 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد رقم کرائے کی مد میں بہا دی گئی ہے، جبکہ وائٹ ہاؤس نے خبر کی تردید کی ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا دونوں نے اپنی سیکیورٹی پر تعینات خفیہ ایجنٹس کو اپنے گھر میں بنیادی انسانی ضرورت واش روم استعمال نہیں کرنے دیا،جیئرڈ کشنر نے واشنگٹن ڈ ی سی میں 2017میں 5 ہزار مربع فٹ کا پرتعیش مکان کرائے پر لیاجس میں چھ بڑے اور ایک چھوٹا ٹوائلٹ تھا لیکن ایوانکا اور کشنر نے خفیہ ایجنٹس کو ٹوائلٹس استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔

ایجنٹس مجبوراً فٹ پاتھ، ہوٹلوں کے ٹوائلٹس،پبلک ٹائلٹس اور قریبی مقامات استعمال کرتے رہے ، ہمسایوں نے شکایت کی تو ایجنٹس سابق صدر اوباما کے گیراج کا ٹوائلٹ استعمال کر تے رہے تاہم بعد میں ایوانکا اور کشنر کے مکان کے قریب سڑک پار ایک اسٹوڈیو اپارٹمنٹ تین ہزار ڈالر ماہانہ کرائے پر مل گیا ۔

اس طرح 2017 سے اب تک ایک لاکھ چوالیس ہزار یعنی 23 کروڑ پاکستانی روپے سےزائد صرف خفیہ ایجنٹس کے ٹوائلٹس پر خرچ کر دیئے گئے ، یہ پیسے امریکی ٹیکس دہندگان کی جیب سے ادا کئے گئے ۔

دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس نے خبر کی تردید کی ہے اور کہا خفیہ ایجنٹس کو باتھ روم استعمال کرنے سے نہیں روکا گیا تھا۔