طیب اردوان President Erdoğan نے کورونا ویکسین لگوالی

January 15, 2021


ترکی کے صدر طیب اردوان کو عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگا دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر اردوان کو دارالحکومت انقرہ کے اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیکہ لگایا گیا۔

ٹیلی گرام پر جاری اپنے پیغام میں طیب اردوان نے کہا کہ انہوں نے بخیریت ویکسین لگوا لی ہے۔

اس موقع پر صدر طیب اردوان نے کہا کہ ترکی میں تاحال 2 لاکھ 56 ہزار افراد کو ویکسین دی جاچکی ہے، بہت جلد 3 کروڑ ویکسین چین سے ترکی پہنچنے والی ہے اور ملک کی تمام آبادی کو ویکسین لگا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ ترکی نے طبی عملے کو چین کی تیار کردہ سینوویک ویکسین دینا شروع کردی ہے۔ اس کے علاوہ پورے ملک کے لیے ویکسینیشن کے منصوبے کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ ترکی میں تاحال طبی عملے کے دو لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

طبی عملے کے بعد اگلے مرحلے میں اہم شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔