صارفین کی متبادل ذرائع پر منتقلی سے واٹس ایپ کو تشویش لاحق

January 16, 2021

لندن ( نیوز ڈیسک) واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کی گئی نئی متنازع شرائط سامنے آنے کے بعد عالمی سطح پر لاکھوں صارفین بڑی تعداد میں حریف میسج پلیٹ فارمز پر منتقل ہونا شروع ہو گئے ہیں جس سے واٹس اپ کے حکام کو تشویش لاحق ہوگئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صارفین کی متبادل ذرائع پر منتقلی کی رفتار غیر معمولی ہے، جس کی وجہ سے ان کے واٹس ایپ کے ڈاؤن لوڈز کی اوسط کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔ انتہائی کامیاب ایپلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین کمپنی کی مشتبہ پالیسی جاری ہونے کے بعد سگنل اور ٹیلی گرام نامی پلیٹ فارم کا رُخ کررہے ہیں۔ اس حوالے سے تجزیہ کرنے والی کمپنی سینسر ٹاؤر کے مطابق 4 جنوری کو واٹس ایپ کی متنازع پالیسی کے اعلان کے بعد اس کی حریف ایپلی کیشن ’سگنل‘ کی ڈاؤن لوڈنگ میں 2 لاکھ 46 ہزار گنا اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے عرصے میں 88 لاکھ افراد نے سگنل میسجنگ ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔ لاکھوں افراد کے یک دم اضافے کی وجہ سے کمپنیوں کے سرور میں بھی مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ دریں اثنا ٹیلی گرام ایپلی کیشن کے ڈاؤن لوڈز کی تعداد 28 دسمبر کے بعد سے ایک ہفتے کے دوران 65 لاکھ سے 1 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ اُدھر نئی پالیسی کے اعلان کے بعد واٹس ایپ کے ہفتہ وار ڈاؤن لوڈز ایک کروڑ 13 لاکھ سے کم ہوکر 92 لاکھ پر آ گئے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ سے صارفین کی دوسری ایپلی کیشنز کی جانب منتقلی کمپنی سے زیادہ اس کے حریفوں کے لیے چیلنج ثابت ہوگی۔