حلف برداری کے بعد جوبائیڈن اور کملا ہیرس کی مقبولیت میں اضافہ

January 22, 2021

حلف برداری کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا۔

74 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکا کے 46ویں صدر بننے والے 78 سالہ جوبائیڈن کو جہاں دُنیا بھر میں مقبولیت مل رہی ہے تو وہیں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر موجود جوبائیڈن کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر اُن کے فالوورز کی تعداد 26 ملین ہوگئی ہے۔

اگر ہم جوبائیڈن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا جائزہ لیں تو اُنہوں نے صرف 46 لوگوں کو اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے فالو کیا ہوا ہے جن میں اُن کی اہلیہ، امریکا کی نو متخب نائب صدر کملا ہیرس سمیت اُن کے دیگر عزیز و اقارب شامل ہیں۔

دوسری جانب امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس کے بھی ٹوئٹر فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔

کملا ہیرس کی تاریخی جیت کے بعد جہاں اُن کی کتابوں کی مقبولیت میں اضافہ ہوا تو وہیں ٹوئٹر پر موجود کملا ہیرس کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر اُنہیں 16 ملین صارفین نے فالو کرلیا ہے۔

اگر ہم یہ بات کریں گے امریکا کی نائب صدر نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کتنے لوگوں کو فالو کیا ہوا ہے تو اُن کی کُل تعداد سات سو 39 ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل جوبائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا اور وہ امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے۔

امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے جوبائیڈن سے عہدے کا حلف لیا اور یوں انہوں نے باقاعدہ طور پر منصب سنبھال لیا ہے۔

سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بائیڈن کی تقریب حلف برداری سے پہلے ہی وائٹ ہاؤس چھوڑ کر چلے گئے، وہ 150 سالہ امریکی تاریخ میں پہلے امریکی صدر ہیں جنہوں نے نئے آنے والے صدرکی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔