پاکستان ویمنز ٹیم کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دوسرے ون ڈے میں بھی شکست

January 23, 2021

جنوبی افریقی ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو دوسرے ون ڈے میچ میں 13 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں دو۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان اور جنوبی افریقا ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان ڈربن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹ پر 252 رنز بنائے جہاں مریزانے کاپ 68 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

ڈایانا بیگ اور نشرہ سندھو نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

جواب میں پاکستان ٹیم آٹھ وکٹوں پر 239 رنز بناسکی، آل راؤنڈر ندا ڈار نے 51 رنز کی اننگز کھیلی اور ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔

واضح رہے کہ یہ ندا ڈار کی سیریز میں دوسری نصف سنچری تھی۔

عالیہ ریاض 81 رنز بنا کر نمایاں رہیں لیکن ٹیم کو فتح نہ دلاسکیں۔

تین میچز کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، جبکہ سیریز کا آخری ون ڈے منگل کو کھیلا جائے گا۔