اسٹاک مارکیٹ، فروخت کا دباؤ بڑھنے سے مندی کی لہر، 625 پوائنٹس کم

February 19, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منفی خبروں کے باعث مارکیٹ میں مندی کی بڑی لہر ،کے ایس ای 100انڈیکس میں 625پوائنٹس کی کمی ،سرمایہ کاری مالیت 75ارب 98کروڑ 27لاکھ روپے کم ہو گئی ،60.67 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی۔کاروباری حجم بھی 17.64 فیصد کم رہا ،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تو مثبت ہوا لیکن پھر کارپوریٹ سیکٹرز پر نئے ٹیکس کے نفاذ اور مراعات ختم کرنے کی منفی خبریں گردش کرنے سے فروخت کا دباؤ اچانک بڑھ گیا جس سے مارکیٹ مندی کی بڑی لہر کی لپیٹ میں آگئی اور اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 625.40پوائنٹس کی کمی سے 46142.74پوائنٹس پر آکر بند ہوا ،کے ایس ای 30انڈیکس بھی 344.28پوائنٹس کی کمی سے 19216.31پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 288.86پوائنٹس کی کمی سے 32048.68پوائنٹس سے کم ہو کر 31759.82پوائنٹس پر آگیا ، مجموعی طور پر مارکیٹ میں 412کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ،140کے بھاؤمیں اضافہ،250کے بھاؤمیں کمی اور 22 کے مستحکم رہے۔جمعرات کو کاروباری حجم 12کروڑ 38لاکھ 10ہزار شیئرز کی کمی سے 57کروڑ 79لاکھ 54ہزار شیئرز رہا ، سرمایہ کاری مالیت 75ارب 98کروڑ 27لاکھ 44ہزار روپے کی کمی سے 8292ارب 95کروڑ 89لاکھ 28ہزار روپے ہو گئی ،کاروباری حجم کے لحاظ سے دوست اسٹیل ، ٹیلی کارڈ ، کے۔الیکٹرک ، ورلڈ کال اور ایز گارڈ نائن سر فہرست رہے ، سب سے زیادہ قیمت سفائر ٹیکسٹائل اور باٹا پاکستان کے شیئرز کی بڑھی جو کہ 66.75 روپے اور 58.00 روپے فی شیئرز تھی جبکہ سب سے زیادہ کمی نیسلے پاکستان اور ماڑی پیٹرولیم کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو کہ 78.45 روپے اور 33.06 روپے فی شیئرز تھی۔