جمہوری مداری اپنی سیاسی ساکھ بچانے میں مصروف ہیں،جمعیت نظریاتی

February 24, 2021

کوئٹہ( این این آئی) جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار چشتی صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولوی رحمت اللہ حقانی نے کہا ہےکہ ضمنی الیکشن میں جمعیت نظریاتی کے بی اے پی سے انتخابی اتحادپر بیانات والے سینٹ کے انتخابات میں اتحادکوکیانام دیتے ہیں ، ایک جماعت وضاحت کرےکہ کتاب کوگائے کھاگئی یاگائے کتاب کو، اسمبلیوں سے استعفیٰ ، سینٹ اورضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے موٴقف پر یوٹرن کے بعد اب سینیٹ انتخابات پر بی اے پی سے اتحاد کرکے حکومت سلیکٹڈ سے الیکٹڈ بن چکی ،یوٹرن میں مذکورہ جماعت فرسٹ پوزیشن پر آچکی ہے، یوٹرن لینے پر ان کو کوئی شرمندگی اور نہ کوئی عار محسوس ہورہی ہے۔ بے توقیر اور دھاندلی زدہ اسمبلی کو الیکیٹڈ اسمبلی تسلیم کر لیا ان کا فلسفہ اور نظریہ اقتدار اور ذاتی مفادات کا حصول ہے، قوم کو صرف جھوٹ اور نعروں سے ورغلایا جارہا ہے ،ان کی اداکاری اور کردار سے عوام ان کی حقیقت ‘ سیاست ‘ منافقت ‘ خودغرضی سے آگاہ ہو چکے ہیں جمہوری مداری اپنی سیاسی ساکھ بچانے میں مصروف ہیں ۔استعفوں کے کارڈ نے آپ کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔