سوشل میڈیا مہم کیس، میشا شفیع کیخلاف چالان پیش کرنے کا حکم

February 26, 2021

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مقامی عدالت نے اداکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کیس میں میشا شفیع کے خلاف چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ پیشی پر تمام ملزمان کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں ضلع کچہری میں اداکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کیس کی سماعت ہوئی ، جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے کیس کی سماعت کی۔ایف آئی اے کی جانب سے چالان جمع کروایا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے علی ظفر کے خلاف جنسی ہراسگی کے الزامات لگا کر سوشل میڈیا پر مہم چلائی تاہم اپنے الزامات کے حق میں ثبوت پیش نہ کر سکے ۔علی ظفر کے وکیل کا کہنا تھا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت میشا شفیع اور دیگر نے مہم چلائی، اس مہم کے ذریعے ملزمان نے علی ظفر کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی۔جس کے بعد عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ میشا شفیع کے متعلق چالان آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے جبکہ ہدایت کی کہ تمام ملزمان آئندہ پیشی پر پیش ہوں۔گذشتہ ماہ گلوکار علی ظفر کے خلاف مہم چلانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اداکارہ عفت عمر اور لینا غنی عدالت میں پیش ہوئیں تھیں، میشا شفیع کے وکیل نے عدالت نے درخواست کی کہ میشا شفیع فی الحال ملک سے باہر ہیں ۔