ابھینندن کی یاد میں آسٹریلوی صحافی کا سب سے بڑی ’ٹی پارٹی‘ کا اہتمام

February 26, 2021

آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین بھی پاکستانیوں کی طرح ابھینندن کو ٹرول کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔

ابھینندن کو پاکستان میں پکڑے جانے کے دو سال مکمل ہونے پر ڈینس فریڈمین نے ’دنیا کی سب سے بڑی ٹی پارٹی‘ کا اہتمام کیا ہے۔

آسٹریلوی صحافی نے ہیش ٹیگ ’ورلڈ بگسٹ ٹی پارٹی‘ کے ٹرینڈ سیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی اور اپنے دوستوں کی چائے نوش کرتے ویڈیوز شیئر کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سب سے مزاحیہ، منفرد اور دلچسپ ویڈیو کو وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی زینت بھی بنائیں گے۔

بھارتی پائلٹ ابھینندن کی چائے کے بِل کی رسید اور اُن کا جملہ ’ٹی از فنٹاسٹک‘ تو پاکستان میں زبان زد عام ہے۔

خیال رہے کہ 27فروری 2019 کو بالاکوٹ حملے کے بعد بھارت کے2طیاروں کو مار گرانے اور پائلٹ ابھینندن کو چائے پلانے کے دو برس مکمل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین ابھی سے میمز اور دلچسپ تبصرے شیئر کر رہے ہیں۔

27 فروری 2019 کا واقعہ کیا ہے؟

27 فروری 2019 کو پاکستانی فوج کے بیان کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا تاہم بھارت صرف ایک جہاز گرنے کی تصدیق کرتا ہے۔

اس روز کے واقعات پر پاکستانی فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دونوں طیاروں کو مار گرایا، جس میں سے ایک کا ملبہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر جب کہ دوسرے کا ملبہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گرا تھا۔

ترجمان نے کہا تھا کہ بھارتی طیاروں کو مار گرانے کے ساتھ ساتھ ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا گیا۔

تاہم یکم مارچ کو گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ ابھی نندن کی رہائی سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اعلان کیا تھا۔