نادیہ خان کی ’کیان‘ کے حوالے سے وضاحت

March 03, 2021

رواں سال کی شروعات میں ایک بار پھر سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستان کی مقبول اور کامیاب میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے کہا ہے کہ جب اُنہوں نے کیان کو گود لیا تھا اُس وقت وہ صرف 20 دن کا تھا۔

نادیہ خان نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنے سب سے چھوٹے بیٹے کیان کے حوالے سے پہلی بار کُھل کر گفتگو کی۔

اداکار و میزبان نے کہا کہ ’میں نے کیان کو گود لیا تھا اور مجھے یہ بتاتے ہوئے اچھا نہیں لگ رہا لیکن آج یہ بات کہنےکی وجہ وہ لوگ ہیں جو کیان کی وجہ سے مجھ پر تنقید کرتے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’لوگ کہتے ہیں کہ جب آپ کے پہلے سے بچے ہیں تو آپ نے کیان کو گود کیوں لیا؟ اور اس کے علاوہ بھی ناقدین طرح طرح کی بکواس کرتے ہیں۔‘

نادیہ خان نے کہا کہ ’میں ان لوگوں کو اُن کے فضول سوالوں کے جواب دینے کی اہل نہیں ہوں کیونکہ کیان میری جان ہے۔‘

اداکارہ و میزبان کہا کہ ’میں نے جب کیان کو گود لیا تھا تو اُس وقت وہ صرف 20 دن کا بچہ تھا اور جب وہ بڑا ہوا تو اُس نے پہلا لفظ ’پاپا‘ بولا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب کیان نے پاپا کہا تو میں نے اُسے مذاق میں کہا کہ ہم آپ کے لیے بیسٹ پاپا لیکر آئیں گے جس پر میرے بیٹے اذان نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ آپ دوبارہ شادی کریں۔‘

نادیہ خان نے کہا کہ ’میں اذان کی یہ بات سُن کر حیران و پریشان ہوگئی تھی لیکن جب میرے بچے فیصل سے ملے تو اُنہیں وہ بہت پسند آئے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’فیصل نے مجھے میرے بچوں کے سامنے ہی شادی کی پیشکش کی تھی اور بچوں کی رضامندی کے بعد ہی ہم نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔‘

خیال رہے کہ نادیہ خان رواں سال کی شروعات میں ریٹائرڈ پی اے ایف آفیسر اور فائٹر پائلٹ فیصل ممتاز راؤ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

نادیہ خان کے شوہر پاک فضائیہ میں 18 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں ونگ کمانڈر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں پہلے انسٹرکٹر پائلٹ اور پھر چیف آف سیفٹی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔

واضح رہے کہ نادیہ خان پاکستان کی مقبول ترین میزبان ہیں اور اُس کے علاوہ اُنہوں نے جیو انٹرٹینمنٹ سمیت دیگر ٹی وی چینلز پر بھی متعدد ڈراموں میں اداکاری کی ہے۔

نادیہ خان اس سے قبل بھی شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں اور اُن کے تین بچے ہیں، اُن کی بڑ ی بیٹی کا نام علیزے، بیٹے کا نام اذان اور سب سے چھوٹے بیٹےکا نام کیان ہے۔