جائیداد میں سرمایہ کاری کے فوائد

March 21, 2021

جائیداد میں سرمایہ کاری کو عام طور پر پُرکشش منافع حاصل کرنے کا ایک بہترین طریقہ سمجھا جاتا ہے جب کہ اس طرح آپ اپنے پورٹ فولیو میں بھی تنوع پیدا کرتے ہیں۔ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ جائیداد میں اگر مناسب طریقے سے سرمایہ کاری کی جائے تو یہ سب سے زیادہ آمدنی والی اثاثہ جاتی کلاس ہے، جسے آپ اپنے پورٹ فولیو میں شامل کرسکتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ جائیداد میں سرمایہ کاری کے ذریعے آپ اپنے سرمایہ میں کس طرح اضافہ کرسکتے ہیں۔

سرمایہ کاری کے محفوظ ترین ذرائع میں سے ایک

امریکی ریئل اسٹیٹ سرمایہ کار اینڈریو کارنیجی نے ایک بار کہا تھا کہ 90فی صد دولت مند افراد اپنی دولت جائیداد کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے ذریعے بناتے ہیں۔ جائیداد کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے محفوظ ہونے کی سب سے بڑی وجہ خود جائیداد ہے۔ آپ اپنی سرمایہ کاری کے بدلے ایک واضح اثاثہ حاصل کررہے ہیں، جوکہ ایک پلاٹ، مکان یا بلڈنگ کی شکل میں ہوسکتی ہے۔

ایسا شاذونادر ہی دیکھا گیا ہوگا کہ ایک جائیداد اپنی مالیت کھودے۔ ہاں یہ ضرور ہوسکتا ہے کہ آپ کی خریدی ہوئی جائیداد مخصوص حالات کے باعث کچھ عرصہ کے لیے اپنی مالیت میں کمی دیکھے لیکن طویل مدت میں جائیداد پر منافع کی شرح ہمیشہ پرکشش ترین رہی ہے۔

جائیداد میں سرمایہ کاری، کرنسی میں سرمایہ کاری کے مقابلے میں کہیں زیادہ پرکشش اور منافع بخش ہے کیونکہ کرنسی کی قوتِ خرید مہنگائی کے باعث ہر سال کم ہوتی جاتی ہے جبکہ جائیداد کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی شرح سے زیادہ ہی ہوتا ہے۔ ذہین سرمایہ کار اکثر ’’ڈاؤن مارکیٹ‘‘ (جب جائیداد کی قیمتیں گِری ہوئی ہوتی ہیں) میں زبردست جائیدادیں خرید لیتے ہیں اور پھر قیمتیں بلند ہونے پر انھیں فروخت کرکے پرکشش منافع حاصل کرتے ہیں۔

جائیداد کی قیمت میں کئی طرح سے اضافہ

جائیداد کی قیمتوں میں ایک اضافہ تو مارکیٹ رجحان کے مطابق ہوتا ہے کہ جس علاقے یا شہر میں آپ کی جائیداد ہے وہاں جب دیگر ریئل اسٹیٹ اثاثہ جات کی قیمتیں بڑھیں گی تو آپ کی جائیداد کی قیمت بھی خود بہ خود بڑھتی رہے گی۔ تاہم آپ اپنی جائیداد کی قیمت میں اپنی محنت سے بھی مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔ آپ ایک عمارت یا اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، آپ اس کے مخصوص حصوں کی تزئین و آرائش کرواکے یہ مقصد حاصل کرسکتے ہیں۔

زیادہ باسہولت اور زیادہ جدت پسند عمارتوں اور اپارٹمنٹس کے کرائے نسبتاً زیادہ ہوتے ہیں۔ صرف کرایہ ہی نہیں، اس سے آپ کی جائیداد کی قیمت فروخت بھی بڑھ جاتی ہے۔ اب اس کا آپ کے تخلیقی ذہن پر دارومدار ہے کہ آپ کس طرح اپنی جائیداد میں زیادہ سے زیادہ جدت لاکر ا س کے کرایہ اور قیمت میں اضافہ کرتے ہیں۔

سرمایہ کاری پورٹ فولیو کا متنوع ہونا

کئی لوگ زندگی میں کبھی سرمایہ کاری نہیں کرتے اور جو لوگ سرمایہ کاری کرتے ہیں، ان کی اکثریت بھی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری تک محدود رہتی ہے۔ تاہم، یاددہائی کے لیے یہ بات دُہرانے کی ضرورت ہمیشہ رہتی ہے کہ سب سے زیادہ کامیاب سرمایہ کار وہ ہوتا ہے، جو اپنے سرمایہ کاری پورٹ فولیو کو متنوع بنائے رکھتے ہیں۔ جیسے کہا جاتا ہے کہ آپ اپنے سارے انڈے کبھی ایک ٹوکری میں مت رکھیں، اسی طرح آپ کو اپنا سرمایہ مختلف اثاثہ جاتی کلاس میں لگانا چاہیے۔

مالیاتی اداروں سے بآسانی قرضہ ملنا

اگر آپ پلاٹ کے مالک ہیں تو تعمیر کے لیے مالیاتی اداروں سے قرضہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر آپ پُرانے گھر میں رہتے ہیں تو اس کی تزئین و آرائش کے لیے قرض حاصل کرسکتے ہیں۔

مزید برآں، اگر آپ کو کسی دیگر مقصد کے لیے قرض درکار ہے تو آپ اپنی جائیداد رہن (مارگیج) رکھوا کر بھی قرض حاصل کرسکتے ہیں۔ بس آپ کو متعلقہ مالیاتی ادارے کو اس بات کا ثبوت دینا ہوگا کہ آپ قرض کی ماہانہ قسط بآسانی ادا کرسکتے ہیں۔

نسل در نسل چلنا

ریئل اسٹیٹ ایک ٹھوس سرمایہ کاری ہےاور نسل در نسل منتقل ہونے والا سب سے آسان اثاثہ۔ بہت سارے لوگوں کو یہ حقیقت پسند ہے کہ وہ اپنے بچوں کے محفوط مستقبل لیے جائیداد چھوڑ سکتے ہیں۔

ماہانہ آمدنی یقینی بننا

یہ جائیداد میں سرمایہ کاری کی سب سے بہترین اور ٹھوس وجہ ہوسکتی ہے۔ آپ اپنی جائیداد کو کئی طرح سے مستحکم ماہانہ آمدنی کا ذریعہ بناسکتے ہیں۔ چاہے آپ اپنی جائیداد کے واحد مالک ہیں یا پھر کسی ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، جائیداد میں سرمایہ کاری کرنے والوں کا ایک اہم ہدف مستحکم اور باقاعدہ موصول ہونے والی آمدنی کا حصول ہوتا ہے۔

جائیداد میں سرمایہ کاری، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اثاثوں میں سے ایک ہے۔ سال بہ سال ، اس سے کسی بھی پورٹ فولیو میں سب سے پرکشش منافع حاصل ہوتا ہے۔ جائیداد میں درست سرمایہ کاری کریں اور آپ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے سے کئی سال پہلے ہی آرام دہ ریٹائرمنٹ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔