کورونا ویکسین کی 350خوراکیں ضائع، ایم ایس کو معطل کردیا، ڈاکٹر یاسمین

April 01, 2021

کورونا ویکسین کی 350خوراکیں ضائع، ایم ایس کو معطل کردیا، ڈاکٹر یاسمین

لاہور (رپورٹ ، رئیس انصاری) سروسز اسپتال میں کورونا ویکسین کی ساڑھے پانچ سو خوراکیں مبینہ طورپر غائب اورمزنگ اسپتال میںساڑھے تین سو خوارکیں ضائع ہوگئیں ،وزیر اعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار کاکہا ہے کہ ویکسین کا غائب یا خراب ہونا نا قابل برداشت ہے۔ اس بارے میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ سروسز اسپتال کے معاملہ پر آڈٹ جاری ہے جبکہ خوراکیں ضائع ہونے پرایم ایس مزنگ اسپتال کو معطل کردیا ہے۔ذرائع کےمطابق سروسز اسپتال میں ویکسین کی مبینہ طورپر غائب ہونے والی 550 خوراکوں کا معاملہ سامنے آیا یہ معاملہ سابق ایم ایس کے دور کا ہے ، یہ خوراکیں مبینہ طورپر اہم شخصیات ، بیورو کریٹس ، دوستوں اور منظور نظر افراد کو گھروں یا اسپتال میں لگائی گئیں ، شبہ ہے کہ طارق بشیر چیمہ کے اہل خانہ کو بھی یہی ویکسین لگائی گئٍی ہے ، اہم شخصیات کی وجہ سے معاملہ کو منظر عام پر نہیں لایا گیا، ذرائع کےمطابق مزنگ اسپتال میں مناسب درجہ حرارت نہ ہونے پر 350 خوراکیں ویکسین ضائع ہوگئی، ویکسین کو 2 سے 8 سنٹی گریڈ پر رکھنے کی بجائے فریزر میں رکھ دیا گیا ، اس لیے فریز ہونے پر ضائع ہوگئی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ ویکسین کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین کر کے حقائق منظر عام پر لائے جائیں ، یہ واقعہ نا قابل برداشت ہے۔صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ویکسین کا کہاں استعمال ہوا ؟سروسز اسپتال میں 550 خوراکوں کاآڈٹ جاری ہے، چند روز میں رپورٹ آجائےگی جبکہ خوراکیں ضائع ہونے پر مزنگ اسپتال کے ایم ایس کو معطل کردیا گیا ہے۔ پرنسپل سمز ڈاکٹر امجد کا کہنا ہےکہ ویکسین غائب نہیں ہوئی، رکارڈ مرتب کرنے کا مسئلہ پیش آیا ہے ۔ سروسز اسپتال کے سابق ایم ایس سلیم چیمہ کا کہنا ہے کہ این سی او سی سائٹ پر چار روز تک ڈیٹا اپ لوڈ نہیں ہوسکا تھا ، تمام رکارڈ موجود ہے ۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ طارق بشیر چیمہ کے اہل خانہ کو ہم نے ویکسین نہیں لگائی، ہمارے پاس ویکسین ہے ہی نہیں ۔