اب پاکستانی ڈرامے بھی تُرکی میں نشر کیے جائیں گے: فیصل جاوید خان

April 12, 2021

سینیٹر فیصل جاوید خان نے پاکستانی عوام کو ایک بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب پاکستانی ڈرامے بھی تُرکی میں نشر کیے جائیں گے۔

فیصل جاوید خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ ’رمضان المبارک میں پاکستان ٹیلی وژن چینل پر شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی نئی اقساط نشر کی جائیں گی۔‘

سینیٹر فیصل جاوید خان نے سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستان کے دوست ملک تُرکی کا ایک بہترین اور حیرت انگیز تاریخی سفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ سیریز اسلامی عقیدے کی بہترین نمائش ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے اس ٹوئٹ کے ساتھ ہی پاکستانیوں کو ایک بڑی خوشخبری سُناتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی اور تُرکی کیتفریحی صنعتوں کے مابین علم ، خیالات ، ہنر اور مواد کے دوطرفہ تبادلے کے مقصد کے لیے اب پاکستانی پروڈکشن میں بننے والا مواد بھی تُرک زبان میں ڈب کیا جائے گا۔‘

فیصل جاوید خان نے کہا کہ ’پاکستانی ڈرامے تُرک زبان میں ڈب ہونے کے بعد تُرکی میں نشر کیے جائیں گے۔‘

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ سال یکم رمضان سے تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ اُردو زبان میں ڈب کرکے پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کی جارہی ہے۔