تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی تکمیل چاہتے ہیں، علما کونسل

April 19, 2021


پاکستان علماء کونسل تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی تکمیل چاہتی ہے۔ پاکستان علما کونسل کا روزِ اول سے واضح مؤقف ہے کہ تشدد سے مسائل حل نہیں ہوتے، تشدد سے پاکستان اور اہل پاکستان کو نقصان ہوا ہے، پاکستان علما کونسل کسی بھی طرف سے تشدد کی حمایت نہیں کرتی۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور دیگر علما کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے اقدامات میں ہر سطح پر تعاون کیلئے تیار ہیں۔

علماء کونسل کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین چار روز کے دوران پاکستان میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ تشدد سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ پولیس اہلکاروں اور مظاہرین کی اموات افسوسناک ہیں۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنی تقریر میں جو تجاویز دی ہیں ان کی تکمیل اور عالمی سطح پر اقدامات اور قانون سازی کیلئے پاکستان کے علماء و مشائخ ہر سطح پر حکومت سے تعاون کیلئے تیار ہیں۔