مہنگائی سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی‘ اے این پی

April 22, 2021

کوئٹہ (آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر جمال الدین رشتیا ،حاجی نذر علی پیر علی زئی ،حاجی شان عالم کاکڑ، عین الدین ترین ،ثناء اللہ کاکڑ، غلام محمد کاسی ،یاسین آغا، صحبت کاکڑ، زمان کاکڑ،اخلاق بازئی ،ماسٹرعزیز کاکڑ،ندیم کاسی، ملک عرفان بازئی اور حبیب ننگیال نے بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ۔صوبائی دارالحکومت میں ذخیرہ اندوزی اور انتظامی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات سے دو چار ہیں ۔کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چار مقامات پر سستا بازار لگانے کا اعلان کیا گیااور سب سے بڑا بازار باچا خان چوک پر لگایا گیا۔باچا خان چوک پر بازار کے لئے خوبصورت خیمے اور قناتیں تو لگیں لیکن اس بازار میں تین چار سٹالز کے سوا باقی تمام سٹال خالی پڑے ہیں۔ مہنگائی کی شرح میں اضافے سے کم سرمایہ والے تاجروں کے کاروبار تباہی کے دہانے پر ہیں اور متوسط طبقہ کی قوت خرید ختم ہو چکی جبکہ بے روزگاری کی شرح بھی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے تاہم ارباب اختیار مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل نا کام ہوچکے اور ضلعی انتظامیہ مصنوعی مہنگائی کو بھی کنٹرول کرنے میں بے بس دکھائی دینے لگی۔