الیکٹرانک ووٹنگ نظام سے جمہوریت کو تقویت ملے گی‘حسنین ہاشمی

May 05, 2021

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید حسنین ہاشمی نے انتخابی اصلاحات کوپاکستان میں جمہوریت کے مستقبل اور انتخابی شفافیت کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور کا تقاضہ ہے کہ ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ نظام اور اوورسیز پاکستانیوں کو بیرون ملک سے ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کے عمل میں بھر پور حصہ ڈالیں تاکہ دھاندلی کے الزامات ختم ہو ں اور انتخابی نتائج تسلیم کرنے کی روایت پروان چڑھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی اصلاحات اور آئی ٹی کے دور میں الیکٹرانک ووٹنگ نظام وقت کی اہم ضرورت ہے‘اس عمل سے ملک میں جمہوریت کو تقویت ملے گی ۔ساتھ ہی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کا مسئلہ بھی حل ہو جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے جمہوری ممالک نے انتخابی عمل میں مسلسل اصلاحات کا عمل لانے کے بعد اپنے نظام کو اس قدر مضبوط کردیا ہے کہ انتخابی تنائج ہر جماعت تسلیم کرتی ہے کیونکہ انکا نظام مربوط ہے اورجب تک واضح شواہد نہ ہوں انتخابی عمل کالعدم یا متنازع قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے عمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس میں شامل ہو کر اپنی تجاویز دینی چاہئیں۔