فیشن ڈیزائنرز کا کنگنا رناوت کو اپنے پروجیکٹس سے ہٹانے کا اعلان

May 06, 2021

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد کنگنا رناوت کا مسلسل متنازع بیان بازی کرنا انہیں مہنگا پڑنے لگا ہے ۔ مغربی بنگال میں تشدد کے حوالے سے کنگنا نے ٹویٹ کیا تو ٹویٹر نے قانون کی خلاف ورزی پر ان کا اکاونٹ معطل کردیا ۔ اس کے بعد کنگنا نے انسٹاگرام اکاونٹ پر صدر راج لگانے کی اپیل کی ۔ اب فیشن ڈیزائنر آنند بھوشن اور رمزم دادو نے کنگنا کو اپنے پروجیکٹس سے ہٹانے کا اعلان کردیا ہے ۔مشہور فیشن ڈیزائنر آنند بھوشن اور رمزم دادو دونوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ کنگنا رناوت کے ساتھ آگے کے سبھی پروجیکٹس رد کےجارہے ہیں ۔ رمزم دادو نے اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کیا ہے کہ کنگنا کے ساتھ ان کے اشتراک کی جو بھی تصاویر ہیں ، انہیں بھی سوشل میڈیا سے ہٹا رہے ہیں ۔ رمزم نے کنگنا کے ساتھ تصویر شیئر کرکے پوسٹ لکھا کہ کچھ صحیح کرنے کیلئے کبھی دیر نہیں ہوتی ، ہم کنگنا کے ساتھ اپنے پرانے سبھی کولابریشن کی پوسٹ ہٹا رہے ہیں اور آگے ان کے ساتھ کام نہیں کریں گے ۔ آنند بھوشن نے ٹویٹر پر لکھاکہ آج کے کچھ واقعات دیکھنے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم کنگنا کے ساتھ ہوئے اپنے سارے معاہدوں کی تصاویر سوشل میڈیا اکاونٹس سے ہٹا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہم نے یہ بھی طے کیا ہے کہ ہم آگے بھی ان کے ساتھ کوئی قرار نہیں رکھیں گے ۔ ہم ایک برانڈ ہونے کے ناطے نفرت آمیز تقریر کی حمایت نہیں کرتے ہیں ۔سوشل میڈیا پر فیشن ڈیزائنر کے کنگنا رناوت کے خلاف کئے گئے اس پوسٹ کو اداکارہ سورا بھاسکر نے بھی ری ٹویٹ کیا ہے ۔ سورا نے دونوں کے ٹویٹ اور انسٹاگرام اسٹوری کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا : یہ سب دیکھ کر اچھا لگا ۔ آپ دونوں کی تعریف کرنی چاہئے کہ آپ نے ہیٹ اسپیچ کرنے والوں کے خلاف آواز اٹھائی ۔ سورا کی اس پوسٹ کو آنند بھوشن نے بھی شیئر کرتے ہوئے سورا کا شکریہ ادا کیا ہے ۔یاد رہےکہ بولی وڈ کی پنگا گرل کنگنا رناوت ٹویٹر سے سسپینڈ کئے جانے کے بعد جہاں ٹرولرز کے نشانے پر ہیں ، وہیں ان کے فینس انہیں بہادر شیرنی بتاتے ہوئے حمایت میں پوسٹ کررہے ہیں ۔