روزے میں قے ہوجائے

May 07, 2021

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔روزے کی حالت میں قے(الٹی ) ہوئی تو روزہ رہا یا ٹوٹ گیا اور اگر ٹوٹ گیا تو دوبارہ رکھنا ہوگا یا نہیں؟

جواب:۔ اگر کسی شخص کو روزے کی حالت میں قے (اُلٹی) ہو جائے تو اس کی چند صورتیں ہو سکتی ہیں:

1۔ قے خود بخود ہوئی اور منہ بھر کر نہیں تھی، بلکہ کم تھی تو اس کا حکم یہ ہے کہ اس سے روزہ فاسد نہیں ہو گا۔

2۔ قے خود بخود ہوئی اور منہ بھر کر ہوئی، اس کا حکم بھی یہ ہے کہ اس سے روزہ فاسد نہیں ہو گا۔

3۔ قے خود بخود نہیں ہوئی، بلکہ قصداً قے کی اور منہ بھر کر نہیں کی تو اس سے بھی روزہ فاسد نہیں ہو گا۔

4۔ قے خود بخود نہیں ہوئی، بلکہ قصداً قے کی اور منہ بھر کر کی تو اس صورت میں روزہ فاسد ہو جائے گا۔

5۔ قے منہ بھر کر ہوئی اور ساری قے یا اس میں سے چنے کے برابر مقدار یا اس سے زائدکو روزہ یاد ہوتے ہوئے خود جان بوجھ کر اپنے اختیار سے اندر اتار دیا تو اس سے روزہ فاسد ہو جا ئے گا۔جن صورتوں میں روزہ فاسد ہوجاتا ہے ان میں روزے کی قضا کرنا ہوگی۔یہ بھی واضح رہے کے قے کے بعد اگر روزہ فاسد کردیا یا قے کی وجہ سے روزہ فاسد ہوگیا اور مرض شدید نہ ہو تو بقیہ دن روزہ داروں کی طرح بھوکا پیاسا رہنا ضروری ہوگا۔