سب سے زیادہ میڈیا کی توجہ کراچی پر مرکوز ہوتی ہے‘ علی زیدی

May 10, 2021

اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میڈیا کا شہر ہے، سب سے زیادہ میڈیا کی توجہ کراچی پر مرکوز ہوتی ہے اس لئے کراچی میں ہر چیز رپورٹ ہوجاتی ہے۔276 پولنگ سٹیشنوں میں سے 167 پولنگ سٹیشنوں کے فارم 45 پر دستخط ہی نہیں ہیں‘ اگر آپ کراچی اور حیدر آباد سے آگے جائیں تو اپ کو معلوم ہوجائے گا کہ اندرون سندھ کے کیا حالات ہیں۔ یہاں ہر چیز رپورٹ ہونے کے باوجود بھی یہ حال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کورونا ویکسنیشن سینٹر کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر سیدعلی زیدی نے کہا کہ ابھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب ہوا‘ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ تحریک انصاف جیتی ہے لیکن میں یہ بھی نہیں کہ رہا ہوں کہ تحریک انصاف ہاری ہے۔ اسی طرح میں یہ بھی نہیں کہہ رہا ہوں کہ ن لیگ اور پی پی کے امیدوار جیتے ہیں یا ہارے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دوبارہ گنتی کے دوران بھی اگر بیگ کھلے آرہے ہیں اور بیگ پر سیل نہیں لگی ہیں، آپ سمجھ سکتے ہیں کہ کھلے بیگ کا مطلب کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارم 46 بھی نہیں دے رہے ہیں، 276 پولنگ سٹیشنوں میں سے 167 پولنگ سٹیشنوں کے فارم 45 پر دستخط ہی نہیں ہیں‘ پھر جو مرضی آپ رزلٹ لکھ دیں۔