غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، اشرافیہ کیلئے ایمنسٹی اسکیم، بلاول

May 10, 2021

کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں غربت کی شرح میں تشویشناک اضافے پر پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ اشرافیہ کیلئے ایمنسٹی اسکیم دیجارہی ہے، ملک وزیراعظم کی عوام دشمن سوچ کی بدولت معاشی لحاظ سے تباہ ہوچکا ہے،عمران خان کی حکومت میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے آٹھ کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر کے دہانے پر کھڑے ہیں جبکہ پاکستان میں یومیہ 15 سے 20 افراد خودکشی کرکے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کررہے ہیں، پاکستان میں دوائیں سو فیصد سے زائد مہنگی ہوچکی ہیں اور غریب کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔اتوارکو میڈیا ہاؤس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہاکہ عمران خان نے عام آدمی کی جیب سے 90 ارب روپے سے زائد نکالنے کیلئے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جب کہ عید کے بعد صنعتی شعبے سے 20 فیصد ملازمین کو نوکریوں سے نکال دینے کے خدشے نے حقیقت کا روپ دھارا تو حالات اور خراب ہوجائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تباہی کی وجہ کرپشن کو بتانے والے وزیراعظم صاحب! ملک آپ کی عوام دشمن سوچ کی بدولت معاشی لحاظ سے تباہ ہوچکا ہے، اشرافیہ کے لئے ایمنسٹی اسکیم اور غریبوں کے لئے لنگر خانے، وزیراعظم صاحب ایسے نہیں چلے گا۔