اسرائیل اور فلسطین کشیدگی ختم کرنے کیلئے اقدامات کریں‘امریکا

May 11, 2021

دبئی (سبط عارف) امریکی محکمہ خارجہ نے یروشلم اور کابل میں ہونے والے پُرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسرائیل اور فلسطینی حکام کشیدگی ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار دبئی میں امریکی محکمہ خارجہ کے اردو ترجمان زیڈ تارڑ نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زیڈ تارڑ نے کہا کہ یروشلم کی کشیدہ صورت حال کو کنٹرول کرنے کیلئے اسرائیل اور فلسطینی حکام کو جذبات کے بجائے افہام و تفہیم سے کام لینا چاہیے۔ افغانستان میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زیڈ تارڑ نے واضح کیا کہ امریکی فوجیں یقینا افغانستان سے واپس ضرور جارہی ہیں مگر امریکا افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر امن کیلئے کوشاں رہے گا اور ساتھ ساتھ افغان فورسز اور عوام کی امداد جاری رکھے گا۔