صوبائی محتسب پشاورمیں پروبونو لائرز ڈیسک قائم

May 13, 2021

پشاور(نیوز رپورٹر) صوبائی محتسب خیبرپختونخوا رخشندہ ناز کے احکامات پرصوبائی محتسب پشاورمیں پروبونو لائرز ڈیسک قائم کردیاگیاہے تاکہ ہراسگی کے شکار خواتین کو قانونی معاونت ورہنمائی فراہم کی جاسکے۔ اس ضمن میں صوبائی محتسب سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق دفاتر، کام کی جگہ اوردیگرمقامات پر خواتین کو ہراسگی سے تحفظ اورانہیں انصاف فراہم کرنے کیلئے 2019میں صوبائی محتسب قائم کیا گیاجبکہ ہراسگی کی روک تھام کیلئے آگاہی بھی دی جارہی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی محتسب کے دفتر میں پروبونو لائرز ڈیسک قائم کردیا گیاتاکہ متاثرہ خواتین کو مفت قانونی رہنمائی کیساتھ ساتھ انکی مدد کی جاسکے۔ ڈیسک میں تین خواتین تعینات کی گئی ہیں جومتاثرہ خواتین کو نہ صرف شکایات،ہراسگی سے تحفظ،ہراسگی تدارک سے متعلق قوانین ،عدالتی وقانونی کارروائی کے حوالے سے معلومات فراہم کریں گی بلکہ انکے مقدمات صوبائی محتسب میں دائر کرنے میں بھی رہنمائی کریں گی، ایسی خواتین کیساتھ خصوصی تعاون کرینگی جنہیں قانونی ماہرین تک رسائی میں مشکلات درپیش ہوں۔ پروبونو لائرز صوبائی محتسب کے عملے کی استعدادکاربڑھانے اوران کیلئے آگاہی سیشن کے انعقاد میں بھی معاونت فراہم کریگی۔