عید پر کہیں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد، کہیں خلاف ورزی

May 13, 2021


ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کورونا کے باعث عید سادگی سے منائی جارہی ہے، کہیں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی تو کہیں ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہری لذیذ کھانوں کا لطف اٹھاتے رہے۔

عید کے موقع پر مٹھائی کی خریداری میں کمی کے باعث متعدد شہریوں کی میٹھی عید پھیکی پھیکی سی محسوس ہوتی رہی۔

ملک بھر میں نمازِ عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی نے ملتان اور فرخ حبیب نے فیصل آباد میں نماز عید ادا کی۔

عید کی نماز کے دوران کورونا ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلوں کا اہتمام دیکھنے میں نہیں آیا۔

گوجرانولہ میں رستم پاکستان انعام بٹ کے گھر پر مزے مزے کے کھانے بنائے گئے۔

گھر پر سماجی فاصلہ برقرار رکھ کر عید مناتے اور کھانا کھاتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا پیغام دیا گیا۔

سکھر میں میٹھی عید پر مٹھائی اور کیک کی خریداری روایتی انداز میں نہیں دیکھی گئی، کورونا کے باعث اس سال بھی عید پھیکی رہی۔

عید الفطر پر لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرنے کے لیے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ گشت کیا۔

اپنے پیاروں کے ایثال تواب کے لیے شہریوں نے فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا بھی رُخ کیا۔

عید کے موقع پر بچوں کا خوب ہلا گلا جاری رہا، پابندیوں کے باوجود بچوں بے جھولے جھول کر خوب انجوائے کیا۔

بنوں میں نماز عید کے بعد برسوں پرانی رسم آج بھی قائم رہی، محلے بھر کے گھروں میں دسترخوان سجا دیے جاتے ہیں اور دیسی گھی اور سفید چالوں سے تواضع کی جاتی ہے اور سال بھر کی ناراضیوں کا خاتمہ بھی ہوتا ہے۔