پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مستقبل کے حوالے سے اہم اقدامات

June 08, 2021

فیفا سے معطلی کے بعد پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے قومی فٹ بال کے معاملات اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے ملک میں قومی ایونٹس کی بحالی اور مختلف سرگرمیوں کا اعلان کردیا ہے۔ پی ایف ایف نے گزشتہ ماہ فیفا نارملائزیشن کمیٹی کو فٹ بال ہائوس لاہور کا قبضہ نہ دینے کے اعلان کیا تھا۔ لاہور فیفا فٹ بال ہائوس میں پی ایف ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا اجلاس کی صدارت فیدریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے کی جس میں پی ایف ایف ایگزیکٹیو کمیٹی کے سندھ سے ناصر کریم بلوچ، جمیل احمد ہوت، بلوچستان سے دوست محمد، پنجاب سے ملک عامر ڈوگر، سردار نوید حیدر، میاں رضوان، کے پی کے سے کرنل سعد رسول اور پاکستان نیوی کے کمانڈر عدنان رؤف نے شرکت کی۔

سید اشفاق حسین شاہ نےکہا کہ آپ سب کی موجودگی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ آپ سب ملک میں فٹ بال کے فروغ و ترقی کیلئے اپنا قیمتی وقت دے رہے ہیں۔اتحادو یکجہتی، افہام و تفہیم، مشاورت اور خلوص نیت کے ساتھ ہم سب پاکستان فٹبال کو بام عروج پر پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

شرکاء نے پی ایف ایف کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے 26مارچ 2021ء کو ہونے والے اجلاس کی کاروائی کی توثیق کی۔ جس کے مطابق رواں سال ماہ جولائی میں کلب ٹو کلب اور انٹر ڈسٹرکٹ پلیئرز ٹرانسفر اور31 دسمبر 2021 ء تک پی ایف ایف کی فٹبال سرگرمیوں کی منظوری دی جس کے مطابق ماہ جولائی میں نیشنل انڈر23 فٹبال چیمپئن شپ کا انعقاد ایبٹ آباد میں کیا جائے گا اس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور ریجن کی ٹیمیں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گی۔

مذکورہ ایونٹ کے فوری بعد پاکستان پریمئر لیگ کے انعقاد ہوگا ، جس میں پاکستان کی ’اے‘ ڈویژن کی محکمہ جاتی اور کلبس کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پریمئر لیگ کے اختتام پر پاکستان کے جملہ صوبوں میں کوچز، ریفریز اور میچ کمشنرز کے تربیتی کورسز اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن یوتھ ڈویلپمنٹ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے تاکہ پاکستان کا نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آسکے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع حاصل ہوں۔ اس سلسلے میں نیشنل انٹر سٹی انڈر 19فٹبال لیگ کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی جس میں ڈویژنل، صوبائی اور ریجن کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

دسمبر میں پاکستان فٹبال لیگ کا انعقاد ہوگا جس میں پاکستان کے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کو میرٹ پر کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان کی اس لیگ کو ایک نئے ویژن کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا جو پاکستان فٹبال کی تاریخ میں سنگ میل کا درجہ حاصل کرے گی ۔ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میںبتایا گیاکہ صوبائی اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشنز اپنی مدت مکمل کر چکی ہیں۔ اس سلسلے میں شرکاء اجلاس نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ممبران ایگزیکٹیو کمیٹی نے اس معاملے کو حتمی شکل کیلئے ایمرجنسی کمیٹی کو اختیار دے دیا۔

اجلاس میں پی ایف ایف کی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور ممبران کی نامزدگیوں کی بھی منظوری دی گئی جس کے مطابق ایمرجنسی کمیٹی میں انجینئر سید اشفاق حسین شاہ صدر فیڈریشن، ملک محمد عامر ڈوگر نائب صدر فیڈریشن، سردار نوید حیدر خان، فرزانہ رئوف، ممبر کانگریس سید ظاہر علی شاہ، نائب صدر فیڈریشن فنانس کمیٹی چئیرمین کرنل (ر) سعد رسول، ڈپٹی چیئرمین میجر سید غیور علی حمدانی، کمپی ٹیشن کمیٹی چیئرمین، عبدالناصر کریم (سندھ) ڈپٹی چئیرمین پاکستان ائیر فورس سلیکشن کمیٹی چوہدری محمد سلیم، اسلام آباد ڈپٹی چئیرمین، طارق لطفی ٹیکنیکل کمیٹی میاں رضوان علی (پنجاب) ڈپٹی چئیرمین کرنل (ر) سعد رسول ریفریز کمیٹی چئیرمین، ڈپٹی چئیرمین جمیل احمد ہوت (سندھ) ویلفیئر کمیٹی چیئرمین، سردار نوید حیدر خان (پنجاب) ڈپٹی چییرمین کمانڈر عدنان رئوف میڈیا کمیٹی چئیرمین، دوست محمد (بلوچستان) ڈپٹی چیئرمین، کرنل (ر) سعد رسول یوتھ ڈیولپمنٹ کمیٹی چیئرمین، عبدالناصر کریم (سندھ)ڈپٹی چیئرمین، میاں رضوان علی (پنجاب) مارکیٹنگ اینڈ ٹیلیویژن ایڈوائزری کمیٹی چیئرمین، سردار نوید حیدر خان ڈپٹی چئیرمین، پی اے ایف کانسٹی ٹیوشن کمیٹی چئیرمین، ملک عامر ڈوگر(پنجاب) ڈپٹی چئیرمین، جمیل احمد ہوت (سندھ) فئیر پلے کمیٹی چئیرمین، میاں رضوان علی (پنجاب)ڈپٹی چیئرمین، دوست محمد (بلوچستان) وومین فٹبال کمیٹی چیئرمین، میجر سید غیورعلی حمدانی (آرمی) ڈپٹی چیئرمین، دوست محمد (بلوچستان) شامل ہیں۔

اجلاس میں مارچ میں کراچی میں منعقدہ قومی خواتین فٹبال چمپئن شپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے ایونٹ کے بائیکاٹ پر ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین ناصر کریم بلوچ اورجمیل ہوت نے پی ایف ایف کے احکامات کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مذکورہ ٹیموں کے خلاف کیس ڈسپلنری کمیٹی کے حوالے کرنے کی سفارش کی۔

ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس سے قبل فنانس کمیٹی اور کمپی ٹیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفتری اور دیگر اخراجات کی تفصیلی رپورٹ ترتیب دی گئی۔ دسمبر تک ہونے والے کمپی ٹیشن، کوچنگ اور ریفریز کورسز کے علاوہ سیمنار پر آنے والے اخراجات کی تخمینہ رپورٹ مرتب کرکے شرکاء اجلاس کے سامنے پیش کی گئی۔

فنانس کمیٹی اور کمپی ٹیشن کمیٹی کی تخمینہ رپورٹس کی منظوری شرکاء نے اتفاق رائے سے دی۔ چوہدری فقیر محمد فنانس کمیٹی اور ناصر کریم بلوچ، کمپی ٹیشن کمیٹی نے بحیثیت چیئرمین اپنی اپنی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی رپورٹ پیش کی۔ ایگزیکٹیو کمیٹی پی ایف ایف نے2022 تا 2026 کے الیکشن کے روڈ میپ کی اجازت دی جس کے تحت الیکشن کے عمل کو کلب آن لائن رجسٹریشن اور کلب اسکروٹنی کے مراحل سے گزارنے کے بعد پہلے ڈسٹرکٹ اور صوبائی سطح پر الیکشن کرائے جائیں گے، بعدازاں فیڈریشن کے الیکشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر صدر اجلاس انجینئر سید اشفاق حسین شاہ اور ملک عامر ڈوگر، نائب صدر فیڈریشن نے جملہ شرکاء کی اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنانے اور فٹبال کی ترقی و فروغ میں اپنی بہترین اور ٹھوس تجاویز پیش کرنے پر انہیں سراہا اور جس کی روشنی میں پاکستان فٹبال فیڈریشن بہترین اقدامات کے ذریعے ملکی سطح پر فٹبال کھیل کو بام عروج دینے کیلئےاپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرے گی۔