آرٹس کونسل کے اشتراک سے پرفارمنگ آرٹس اکیڈمی قائم کی جائے گی، فواد چوہدری

June 14, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت آرٹس کونسل کے ساتھ مل کر وفاقی سطح پر غیر جانبدار فلم و ٹی وی ایوارڈز دسمبر میں منعقد کرے گی جب کہ ملک میں فنون اور ثقافت کو فروغ دینے کے لئے آرٹس کونسل کے اشتراک سے پرفارمنگ آرٹس اکیڈمی قائم کی جائے گی، خوشی کی بات ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان اب ترقی کر کے پاکستان کا سب سے بڑا ثقافتی ادارہ بن چکا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے دورے کے موقع پر کیا ،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے نائب صدر منور سعید، سیکریٹری اعجاز فاروقی اور دیگر نے وفاقی وزیر کو آرٹس کونسل آمد پر خوش آمدید کہا ، وفاقی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں شہریوں کو مفت اتنی زیادہ سہولتیں فراہم کرنا یہ بہترین اور قابل تقلید مثال ہے، حکومت ایسے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو معاشرے میں تبدیلی کی جدوجہد کر رہے ہیں، فواد چوہدری نے آرٹس کونسل میں پودا لگانے کے بعد اوپن ائر تھیٹر سمیت آرٹس کونسل میں قائم مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔