شہر کی بہتری کیلئے کام کرنیوالے ایڈمنسٹریٹر کو تعینات کیا جائے،سابق کونسلران

June 16, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ شہر سے تعلق رکھنے والے سابق کونسلروں نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کا نظام درہم برہم، اسڑیٹ لائٹس غیرفعال ہیں ، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے شہر کے نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے ، وزیراعلیٰ صورتحال کا نوٹس لیکر شہر کی بہتری کے لئے کام کرنے والے ایڈمنسٹریٹر کو تعینات کریں۔یہ بات سابق کونسلر میر اسلم رند ، رضا وکیل ، میر جمال لانگو ، فخر الدین بڑیچ ، نثار شاہ ، عباس علی ، سید غلام مہدی ، لطیف کاکڑ نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہی انہوں نے کہا کہ کونسلران نے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ سے بارہا شہر کی بہتری کے لئے گزارشات کیں اور تجاویز دیں مگر عملدآمد نہیں ہوا جس کے بعد مجبورا پریس کانفرنس کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سابق ایڈمنسٹریٹر نے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر کئے انکے ورک آرڈ بھی جاری ہوئے مگر موجودہ ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے آتے ہی 124 ترقیاتی کام بند کرادئیے اس بارے میں انکا کہنا ہے کہ ان کاموں میں بدعنوانی ہورہی ہے جبکہ سیکرٹری بلدیات نے کمیٹی بھی قائم کردی جو منصوبوں میں شفافیت کو مدنظر رکھے گی اور دورے کریگی مگر اس کے باوجود ایڈمنسٹریٹر کام کرنے سے قاصر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کے احکامات پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے ہر شعبے کے کئی حصے کرکے پسند نا پسند کی بنیاد پر جونیئر افسران کو تعینات کردیا گیا ہے جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی صفائی کو وزیراعلیٰ کے گھر اور ایئرپورٹ روڈ تک محدود کردیا گیا ہے۔ 90 افراد کو ایئر پورٹ روڈ پر تعینات کردیا گیا ہے سریاب روڈ پر اہم شخصیات کے گھر ہونے کی وجہ سے صفائی کی جارہی ہے جبکہ کوئٹہ شہر کے دیگر علاقوں کا کوئی پرسان حال نہیں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں ارکان صوبائی اسمبلی کی ہدایات کے برعکس صفائی نہیں کی جاتی ہر کام پر 2 فیصد کمیشن لیا جارہا ہے ایڈمنسٹریٹر کے گھر کے تین افراد کو بھی میٹروپولیٹن میں تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اسٹینڈ آدھی قیمت پر کرائے پر دئیے جارہے ہیں جبکہ شہر بھر میں اسٹریٹ لائٹس کی مرمت تک نہیں کی جارہی جس سے شہر اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر سے سابق کونسلران ملنے جائیں تو انہیں کہا جاتا ہے وقت لیکر آیا کریں ،میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں کرپشن کا بازار گرم ہے ، شہر میں صفائی ، اسڑیٹ لائٹس اور شہری آبادی کے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید بڑھ رہے ہیں ایڈمنسٹریٹر کی ایما پر ترقیاتی کام روک دئیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام صورتحال کا نوٹس لیکر شہر کی بہتری کے لئے کام کرنے والے ایڈمنسٹریٹر کو تعینات کریں ۔