ریسٹورنٹ مالکان کو قرضے ملیں گے، JS بینک اور فوڈ پانڈا میں اشتراک

June 19, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر)حکومت کا کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کیلئے اپنے کاروبار کا خواب پورا کرنے اور سرمائے کی کمی دور کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے جے ایس بینک اور فوڈ پانڈا کے درمیان اشتراک ہوا ہے جس کے تحت فوڈ پانڈا پر موجودہوم شیفس اور ریسٹورنٹ مالکان کو قرضے فراہم کئے جائیں گے، معاہدے پر دستخط کی تقریب جے ایس بینک کے ہیڈ آفس میں ہوئی جس میں جے ایس بینک کے پروڈکٹ ہیڈ سوشل لونز نفس نعمان اور فوڈ پانڈا کی ہیڈ آف پارٹنرشپ اینڈ کمیونٹی ہوم شیفس بنت فاطمہ رضوی نے دستخط کئے۔ اس موقع پر کامیاب جوان کی پروڈکٹ منیجر عفاف مشتاق ،جے ایس بینک کی جانب سے خود مختار اور نیا آغاز کی مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن منیجر علینا زینب، سینئر پروڈکٹ منیجر مریم خان اور فوڈ پانڈا کی سینئر پارٹنر شپ مارکیٹنگ مومل نوید بھی موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نفس نعمان کا کہنا تھا کہ فوڈ پانڈا کے اشتراک سے ان کے پینل پر موجود ہوم شیفس/ریسٹورانٹ مالکان کو مالی طور پر خود مختار کرنے کیلئے پر عزم ہیں جو پاکستان کی معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس موقع پر فوڈ پانڈا کے سی ای او نعمان سکندر نے کہا کہ فوڈ پانڈا میں ہمارا مقصد لوگوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بہتر بنانے کیلئے ایسی مہارت فراہم کرنا ہے،خاص طور پر ہوم شیف پروگرام سے ان کے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرکے خود مختار بنانا ہے، جے ایس بینک کے اشتراک سے وینڈر پارٹنرز میں مالی شمولیت سے کاروبار کے فروغ میں مدد ملے گی، امید کرتے ہیں کہ یہ شراکت داری طویل مدت میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔