ضلع وسطی میں ویکسین کی فروخت پر تحقیقاتی کمیٹی قائم

June 19, 2021

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) ضلع وسطی میں ویکسین کی فروخت پر ڈی جی صحت سندھ نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے لیکن ویکسین کے غیر منصفانہ استعمال پر قائم کمیٹی کی سفارشات پرتاحال عمل نہیں کیا گیا جس پر صحت کے حلقوںنے حیرت کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹیاں بنانا اچھا عمل ہے لیکن اس سے زیادہ احسن عمل کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرنا اور غفلت کے مرتکب افراد کا احتساب کرنا ہے تاکہ آئندہ کوئی ایسا کام کرنے کا تصور بھی نہ کرے ۔ جمعے کو ڈی جی صحت سندھ ڈاکٹر ارشاد احمد میمن نے ضلع وسطی میں ویکسین کی فروخت پر ڈاکٹر عارف رشید، ڈاکٹر عتیق احمد اور ڈاکٹر سلمان شیخ پر مشتمل تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت دی کہ ویکسین کی فروخت اور پیسوں کے عوض بغیر ویکسین لگوائے سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی تحقیق کریں اورتین دنوں میں اپنی رپورٹ مرتب کرکے سفارشات کے ہمراہ پیش کریں ۔