ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں امریکی فوجی اڈے کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا ہے۔
اس حوالے سے تہران سے ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اردن کے قصبے ازرق میں موفق السلطی ایئر بیس پر ڈرون حملے کیے ہیں۔
ایرانی فوج کے مطابق اردن کا موفق السلطی ایئر بیس ایران پر فضائی حملوں کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ ایرانی افواج کے مطابق اس نے آج علی الصبح متعدد ڈرونز کے ذریعے امریکی فوج کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹکس اور ضروری ساز و سامان کے گوداموں کے ساتھ ساتھ رہائشی سہولیات کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ اس اڈے کو خطے کے اہم ترین فوجی مراکز میں سے ایک قرار دیا گیا، جو مشرقی اردن میں اسٹریٹجک محل وقوع کی وجہ سے امریکی کارروائیوں کے لیے ایک کلیدی مرکز سمجھا جاتا ہے۔
ایرانی فوج کے مطابق ازرق ایک نہایت اہم آپریشنل پلیٹ فارم ہے، جہاں مختلف لڑاکا اور ٹرانسپورٹ طیارے تعینات ہیں اور یہ ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے ایک بڑے کمانڈ سینٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔