وزیراعظم نے قلعہ لاہور کی تازہ تصویریں شیئر کردیں

June 19, 2021

وزیر اعظم عمران خان نے قلعہ لاہور کی بحالی کے بعد خوبصورت مناظر کی تصاویر شیئر کردیں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر یہ تصاویر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’قلعہ لاہور کو ہماری آئندہ نسلوں کیلئے بحال اور محفوظ بنایا جا چکا ہے۔ ‘

عمران خان نے کہا کہ میری حکومت قطعی طور پر اپنے تمام تاریخی مقامات بحال اور محفوظ بنانا چاہتی ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے مزید تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ بحالی کے بعد قلعہ لاہور کے مناظر‘

قلعہ لاہور، جسے مقامی طور پر شاہی قلعہ بھی کہا جاتا ہے، شہر کے شمال مغرب میں واقع ہے گو کہ اس قلعہ کی تاریخ زمانہ قدیم سے جا ملتی ہے لیکن اس کی ازسرِنو تعمیر مغل بادشاہ اکبر اعظم نے کروائی تھی۔

قلعہ کی لمبائی 466 میٹر اور چوڑائی 370 میٹر ہے۔ اس کی شکل تقریباً مستطیل ہے۔ دیواریں سرخ پختہ اینٹوں سے بنی ہوئی ہیں جن کی چنائی مٹی کے گارے سے کی گئی ہے۔ ان دیواروں پر بندوقچیوں کے لیے سوراخ ہیں،جن سے وہ محاصرہ کرنے والی فوج پر گرم پانی اور گولیاں برساتے تھے۔

1981ء میں یونیسکو نے اس قلعے کو شالامار باغ کے ساتھ عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا۔