خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر مریم نواز کی عمران خان پر کڑی تنقید

June 23, 2021


وزیر اعظم عمران خان کے خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کڑی تنقید کی ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ جو بچے زیادتی کا نشانہ بنے، کیا اس لیے بنے کہ انہوں نے غلط کپڑے پہنے ہوئے تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ مجرم کے بجائے مظلوم کو ذمہ دار قرار دینا عمران خان کی پست سوچ کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنا تھا آپ خواتین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، وزیرِ اعظم کی بات سے زیادتی کے شکار بچوں کے والدین کو بہت تکلیف پہنچی ہو گی، یہ بہت بری سوچ ہے، اس کا خاتمہ بہت ضروری ہے، اس شخص نے اتنی عجیب بات کی ہے، اسے کیا نام دوں؟

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا خواتین پر جنسی تشدد سے متعلق کہنا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو اس کا اثر تو ہو گا۔

امریکی ٹی وی کو انٹر ویو کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس یہاں ڈسکو یا نائٹ کلب نہیں ہیں، یہ ایک مکمل طور پر مختلف معاشرہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب آپ لوگوں کو اکسائیں گے تو اِن نوجوانوں کے پاس جانے کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوگی تو پھر اس کے نتائج ہوں گے۔

اس سوال پر کہ کیا واقعی خواتین کے لباس کا چناؤ اُن پر جنسی تشدد کی وجہ ہے؟ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کس معاشرے میں رہتے ہیں۔