آزاد کشمیر کی طرح سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں انتخابی مہم ختم

July 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آزاد کشمیرکی طرح ملک بھرباالخصوص سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے بعض اضلاع پر مشتمل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی دو نشستوں پر انتخاب کے لئے انتخابی مہم جمعہ 23 جولائی کواپنے اختتام کوپہنچ گئی،سندھ بلوچستان اورپنجاب کے حلقے پرمشتمل مہاجرین کی دونشستوں پرانتخابات 25 جولائی اتوار کوسندھ میں کورونا ایس اوپیز کے نفاذ سے ایک روز پہلے منعقد ہونگے الیکشن کمیشن نے پولنگ کے لیے تمام انتظامات کوحتمی شکل دے دی ہے۔مجموعی طور پردونوں نشستوں پرمختلف جماعتوں کے 21 امیدوار مدمقابل ہیں۔سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے 48 اضلاع پر مشتمل ایل اے 34 جبکہ سندھ اور بلوچستان کے 24 اضلاع پر مشتمل ایل اے 40 پر انتخابات اتوار 25 جولائی کو ہونگے جس کے لیے الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریوں کوحتمی شکل دے دی ہے،ان نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ ایل اے 34 جموں 1 سندھ کے 19، بلوچستان کے 5 اور پنجاب کے 24 اضلاع پر مشتمل ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 17761 ہے جن میں سے 1027 ووٹر سندھ، 546 بلوچستان اور 16188 ووٹرز پنجاب سے ہیں۔ اس حلقے میں ووٹرز کے لیے 121 پولنگ اسٹیشنز میں 212 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ اس نشست پر تحریک انصاف کے ریاض احمد، مسلم لیگ نون کے ناصر حسین ڈار، پیپلز پارٹی کے زاہد اقبال اور پی ایس پی کے شاہ عبدالطیف فیصل میدان میں ہیں جبکہ بلال مختار بٹ انتخابی نشان لیپ ٹاپ، جاوید اقبال انتخابی نشان کار، چوہدری عبدالقدیر چوہان انتخابی نشان پنکھا، راجہ ظہیر احمد انتخابی نشان چھتری، سردار کرم داد خان انتخابی نشان سیڑھی، سلیمان علی انتخابی نشان ریچھ، عبدالرشید مرزا انتخابی نشان ہاتھی، فضل الرحمٰن انتخابی نشان کرین، محمد طاہر کھوکھر انتخابی نشان بلب اور محمد عجائب انتخابی نشان گھوڑا پر ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔