پولیس پر حملہ کرنے والے اسد کھرل سے اسلحہ برآمد، 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

July 24, 2021

پولیس پر حملہ کرنے والے اسد کھرل سے اسلحہ برآمد

لاہور،کاہنہ( نمائندگان جنگ)کاہنہ پولیس نے اسد کھرل کیخلاف پولیس پر حملہ کرنے اوراس سے 3سب مشین گنز، 128 بلٹس ، ایس ایم جیز کی میگزین اور4 وائرلیس سیٹ برآمد ہونے پر مقدمہ درج کر لیا ہے،جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسد کھرل کو4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا،ملزم کو 25 جولائی کو عدالت میں پیش کیا جائیگا ،مقدمہ ڈکیتی ،پویس مقابلہ ،حبس بے جا، اقدام قتل اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت اسد کھرل کے گھر تعینات ہیڈ کانسٹیبل اشفاق کی مدعیت میں درج کیا ، ہیڈ کانسٹیبل اشفاق احمد کی جانب سے درج ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ ویلنشیا ء ٹائون میں اسد کھرل کے گھر کانسٹیبل محمد ادریس کے ساتھ ڈیوٹی دے رہا تھا کہ 20جولائی شام 7بجے اسد کھرل اپنے گھر سے باہر آیا اور بغیر کسی جواز کے باوردی کانسٹیبل محمد ادریس کو زدوکوب کرنا شروع کر دیا اور اسے تھپٹر مارنے شروع کردیئے اور اس سے رائفل چھننے کی کوشیش کی جس سے کانسٹیبل محمد ادریس کی وردی کی قمیض کے بٹن ٹوٹ گئے،اس دوران میں نے آگے بڑھکر اسد کھرل کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ مجھے دھمکیاں دیتے ہوئے گھر چلا گیا ،اس واقعہ کی اطلاع پولیس حکام کو دی گئی تو 8بجے رات اے ایس پی کاہنہ محمد شعیب موقع پر پہنچے ،اس موقع پر دیگر پولیس اہلکار افتخار احمد ،محمد ادریس ،سرفراز،محمد عثمان بھی موجود تھے،پولیس نے اسد کھرل کو اطلاع دی کہ اے ایس پی صاحب آئے ہیں تو اسد کھرل گیٹ پر آیا اور کہا کہ اسے گارڈ پر بھروسہ نہیں ،آپ اندر آکر میری بات سنیں،جس پر میں اور اے ایس پی کاہنہ دونوں ان کے گھر کے اندر چلے گئے،اس وقت محمد ادریس کی سرکاری رائفل میرے پاس تھی،اسد کھرل نے اس دوران جھپٹا مار کر مجھ سے سرکاری رائفل چھین لی اور مجھے اور اے ایس پی کو ہینڈ زاپ کروا دیا،اور پھر کمرے کا دروازہ بند کرکے ہمیں یرغمال بنا لیا،اور مشتعل ہو کر ہم پرسیدھی فائرنگ شروع کردی،ہم دونوں نے زمین پر لیٹ کر اپنی جانیں بچائیں،اسد کھرل کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ اس کے کمرے کی دیواروں پر لگی،بعدزاں اس نے سرکاری رائفل کے بٹ مار مار کر اپنی الماری کو بھی توڑ دیا،اس دوران ہم اپنی جان بچاتے ہوئے باہر بھاگے تو وہ سرکاری رائفل لیکر باہر آیا اور وہاں بھی اس نے ہم پر سیدھی فائرنگ کی،جس پر دوبارہ ہم نے زمین پر لیٹ اور مختلف دیواروں کی اوٹ لیکر اپنی جانیں بچائیں،بعدازاں پولیس کی بھاری نفری نے اسد کھرل کو گرفتار کر کے مقدمہ عدالت میں پیش کر دیاجس پر عدالت نے ملزم کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔