سندھ نے این سی او سی سے ویکسین نہ لگوانے والوں کی سم بلاک کرنے کی درخواست کردی

July 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ صحت سندھ نے این سی او سی سےکورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی سم بلاک کرنے کی درخواست کر دی ہے ۔محکمہ صحت سندھ نے این سی او سی کو مکتوب ارسال کیا ہے جس میں کہا ہے کہ این سی او سی، پی ٹی اے سے بھی فوری اقدامات کے لیے کہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین کروانے میں کامیاب ہوسکیں، سندھ حکومت نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے زریعے آگاہی فراہم کی ہے، صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ نے ہر قسم کے اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین کرائیں۔مکتوب میں لکھا ہے کہ کورونا ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف چار مراحل میں کارروائی کی جائے گی، پہلے مرحلے میں وارننگ جاری کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں سوشل میڈیا ( فیس بک اور واٹس وغیرہ ) بلاک کیا جائے گا، تیسرے مرحلے میں آؤٹ گوئنگ ( کال کی سہولت) بند کی جائے گی جبکہ چوتھے اور آخری مرحلے میں سم کو بلاک کردیا جائے گا۔