شادی کی تقریب میں دلہن نے کبڈی میچ کا انداز اپنالیا، ویڈیو وائرل

July 25, 2021

بھارت میں گزرتے وقت کے ساتھ شادی کا ماحول تبدیل ہوتا جارہا ہے اور اس پر کسی کو کوئی اعتراض بھی نہیں۔ پرانے وقتوں میں دولہا اور دلہن اپنی شادی کے دوران اور اس کے بعد بھی ایک دوسرے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار رہتے تھے۔

اسکی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ پچھلی جنریشن میں دلہا دلہن کو آپس میں جاننے کا زیادہ موقع بھی نہیں ملتا تھا اور آج کے مقابلے میں وہ کافی شرمیلے بھی ہوتے تھے۔

لیکن بدلتے وقت کے ساتھ سب کچھ تبدیل ہوگیا۔ تاہم اس ویڈیو میں منظر کچھ اور ہی نظر آرہا ہے اور شادی سے قبل کورٹ شپ کے دوران دونوں کی دوستی کے واضح اثرات اس وائرل ہونے والی ویڈیو میں بخوبی نظر آرہے ہیں۔

شادی کی اس تقریب میں دلہا اور دلہن اسٹیج پر ایک دوسرے کو پھولوں کے ہار پہناتے نظر آرہے ہیں۔

دلہا نے تو دلہن کی جانب سے پہنائے گئے ہار کو بڑے آرام سے ہار پہنا۔ لیکن جب دلہن کی ہار پہننے کی باری آئی تو اس نے روایتی مشرقی دلہن کا معاملہ چھوڑ کر اپنا لہنگا سنبھال کر اسٹیج پر ادھر سے ادھر بھاگنا اور اچھلنا شروع کردیا۔

بےچارہ دلہا ہار لیے ایک طرف سے دلہن کے پیچھے بھاگنے لگا کہ اسے ہار پہنادے، دلہن کی اس حرکت کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ کبڈی کھیل رہی ہے۔

بلآخر دلہا میاں ہار پہنانے میں کامیاب ہو ہی گئے۔ فیس بک پر شیئر ہونے والی اس دلچسپ ویڈیو کو 24 ہزار لوگ دیکھ چکے ہیں۔