کشمیر الیکشن میں کامیابی‘ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کی

July 26, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے بلوچستان سے دو حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں اتوار کو پی ٹی آئی کوئٹہ سٹی کے سینئر نائب صدر عالم خان کاکڑ کی قیادت میں کارکنوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مٹھائی تقسیم کی ۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عالم خان کاکڑ ، داود پانیزئی و دیگر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں بلوچستان میں آباد کشمیری عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیکر ثابت کردیا کہ وہ وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جس کے صلے میں عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے دو حلقوں کیلئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے پارٹی رہنمائوں نے گھر گھر جاکر مہم چلائی جس کے نتیجے میں بلوچستان سے پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے جس پرہم بلوچستان میں آباد کشمیری بہن بھائیوں کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ووٹ کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جسے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بروقت ناکام بنادیا ۔