گلگت بلتستان کے ضلع استور میں سیلاب نے تباہی مچادی

July 29, 2021


گلگت بلتستان کے ضلع استور میں سیلاب نے تباہی مچادی، مختلف علاقوں میں رابطہ پلوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے پیش نظر دیامر، استور ڈویژن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

بالائی غذر میں آسمانی بجلی گرنے سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گلگت چترال روڈ ہرقسم کے ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں گزشتہ روز سےجاری موسلادھار بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے، تاہم شدید بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔

ضلع میں گزشتہ روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے گوریکوٹ، میر ملک، بوبند اور پریشنگ میں فصلوں اور رابطہ پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ادھر غذر میں دریائے اشکومن میں طغیانی سے گشگش پڑی میں ایک بار پھر کٹاؤ کا عمل شروع ہوگیا جس سے اشکومن، ایمت روڈ ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ سے بند شاہراہ قراقرم ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہے، گلگت اور چلاس کا راولپنڈی کے درمیان زمینی رابطہ بحال ہوگیا ہے جبکہ رات گئے بابوسر ناران نیشنل ہائے وے بھی بحال کردی گئی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق شاہراہ قراقرم گزشتہ روز بونر داس سمیت متعدد مقامات پر بند ہوئی تھی۔