علی گُل پیر کی صدف کنول کے بیان پر پیروڈی ویڈیو وائرل

August 01, 2021

پاکستان کے معروف اداکار، گلوکار، کامیڈین، میزبان علی گُل پیر نے معروف سُپر ماڈل و اداکارہ صدف کنول کی جانب سے دیئے گئے حالیہ بیان پر پیروڈی ویڈیو بنا دی ہے جو کہ انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

فنکارانہ صلاحیتوں سے بھر پور علی گُل پیر آئے دن کسی نہ کسی معروف شخصیت کے بیان پر پیروڈی ویڈیو بنا کر اُس بیان اور شخصیت کو غیر معمولی شہرت پر پہنچا دیتے ہیں۔

جو بیانات سب کے لیے عام ہوتے ہیں اُن میںعلی گُل پیر عوام کو ہنسانے کے لیے کوئی نہ کوئی بات نکال ہی لیتے ہیں۔

گزشتہ شام علی گُل پیر کی جانب سے صدف کنول کے ’شوہر اور ثقافت‘ سے متعلق دیئے گئے بیان پر بھی پیروڈی بنائی گئی ہے جو کہ انٹر نیٹ پر مقبول ہو رہی ہے، اس ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کو خوب قہقہے لگانے پر مجبور کر دیا ہے۔


علی گُل پیر نے صدف کنول کے ایک انٹرویو کے دوران دیئے گئے بیان پر اپنی بنائی گئی پیروڈی ویڈیو کے ساتھ صدف کنول کا اصل بیان بھی شیئر کیا ہے۔

صدف کنول کے اصل ویڈیو بیان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ’فیمینزم ‘ کے موضوع، شوہر کی عزت اور رُتبے، ثقافت اور اپنی عادات سے متعلق بات کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ اس بیان کے سبب ہی صدف کنول کل سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ پر موجود ہیں۔