کل بھارت کےخلاف مظاہرے میں شریک ہوں گے،امجدشاہ

August 04, 2021

برسلز (حافظ انیب راشد) جمعرات5 اگست کو برسلز میں ہندوستان کے سفارتخانے کے سامنے مظاہرے میں نیشنل پیس کونسل بلجیم نے بھر پور شرکت کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل پیس کونسل کے چیئرمین امجد شاہ نے یہ اعلان کشمیر کونسل ای یو کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضاسید ،کشمیری رہنما سردار صدیق خان اور کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپین برانچ کے صدر خالد جوشی بھی موجود تھے۔ امجد شاہ نے کہا کہ کشمیر کونسل جس طرح ایک طویل عرصے سے یورپی یونین کے مختلف اداروں اور یورپ کے مختلف ممالک میں مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی اور یکسوئی سے جاری رکھے ہوئے ہے، یہ اس بات کا متقاضی ہے کہ اس سنجیدہ عمل کی مکمل حمایت اور اس کا بھرپور ساتھ دیا جائے۔ اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ کشمیر کیلئے بلند کی جانے والی آوازوں میں یکسوئی رہے۔ اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی کشمیر کونسل کے زیر اہتمام 5 اگست کو منعقد ہونے والے مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو دنیا کے سامنے احتجاج کی صورت میں بے نقاب کریں گے۔ اس موقع پر کشمیر کونسل کی جانب سے سردار صدیق خان نے نیشنل پیس کونسل کے اس فیصلے کی تحسین کرتے ہوئے انہیں مظاہرے میں شرکت کیلئے خوش آمدید کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کونسل کے اراکین پوری سنجیدگی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے مظالم کو مقبوضہ کشمیر کی سرزمین پر موجود تنظیموں کی مرتب کردہ رپورٹس کی صورت میں یورپین اداروں تک پہنچا رہے ہیں۔ قبل ازیں اسی سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ایک وفد نے پیپلزپارٹی بلجیم کے صدر حاجی وسیم اختر کی قیادت میں کشمیر کونسل کے دفتر کا دورہ کیا۔