پاکستان کا ہر شہر تعلیم یافتہ بنانا ہے: رابی پیرزادہ

September 17, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے فاؤنڈیشن کی مدد سے پاکستان کے ہر شہر کو تعلیم یافتہ بنانا چاہتی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر زیادہ متحرک رہنے والی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی تصویر شیئر کی ہے جو اُن کو پیش آنے والے حادثے کے بعد کی ہے۔

رابی پیرزادہ نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’انشاءاللّہ!میرا اگلا قدم کراچی ہے، مجھے پاکستان کا ہر شہر تعلیم یافتہ بنانا ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ‘مجھے خواتین کو رزق اور بچوں کو علم دینا ہے لہٰذا جو لوگ ہمارے ساتھ ہیں وہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔‘

سابقہ گلوکارہ نے مزید لکھا کہ ’مجھے آپ سے صرف دعائیں اور مثبت سوچ چاہیے۔‘

اپنے اگلے ٹوئٹ میں رابی پیرزادہ نے لکھا کہ ’دو روز قبل کراچی میں مجھے ایک حادثہ پیش آیا تھا لیکن الحمداللّہ! میں اب بالکل ٹھیک ہوں۔‘

رابی پیرزادہ نے مزید لکھا کہ ’مجھے یہ درد محسوس نہیں ہوتا کیونکہ یہ دُنیا بہت ظالم ہے۔‘

واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے سال 2019 میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گُزارنے کا فیصلہ کیا۔

رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔